ایشیائی ترقیاتی بینک ( اے ڈی بی) کے صدر مساتو کانڈا نے بینک کے بورڈ آف گورنرز کے 58ویں سالانہ اجلاس کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایشیا اور بحرالکاہل کو درپیش غیر یقینی حالات دراصل ایک موقع ہیں کہ خطے کو زیادہ مضبوط اور پائیدار بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ غیرمتوقع بیرونی حالات و واقعات، قرضوں کے بوجھ اور موسمیاتی تبدیلیاں اس خطے کے عوام اور معیشتوں پر گہرے اثرات ڈال رہی ہیں لیکن ہم نقطۂ آغاز پر نہیں ہیں۔ ترقی کی رفتار اب بھی مضبوط ہے، تجارت اور معاشی انضمام میں اضافہ ہو رہا ہے، سپلائی چینز متنوع ہو رہی ہیں اور ڈیجیٹل رابطہ و اختراع تیزی سے فروغ پا رہی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ غیر یقینی صورتحال پسپائی کا جواز نہیں ہے۔ یہ ہمیں زیادہ جراتمند بننے، تیزی سے آگے بڑھنے اور پہلے سے کہیں زیادہ قریبی تعاون سے کام کرنے کی دعوت دیتی ہے۔

اٹلی کے شہر میلان میں ہونے والے سالانہ اجلاس میں پانچ ہزار سے زائد شرکاء نے شرکت کی جن میں اطالوی وزیر اعظم جارجیا میلونی سمیت حکومتوں کے نمائندے شامل تھے۔

اٹلی کے وزیر برائے معیشت و خزانہ جیانکارلو جیورگیٹی اور بینک آف اٹلی کے گورنر اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے بورڈ آف گورنرز کے چیئرمین فیبیو پنیٹا نے بھی افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے ایشیائی ترقیاتی بینک کے ساتھ اٹلی کی شراکت داری پر زور دیا۔

جیورگیٹی نے کہا کہ تعاون میں اضافے سے اعلی اور پائیدار طویل مدتی اقتصادی ترقی میں مدد ملے گی، منفی خطرات سے بچنے اور ان کے ممکنہ نتائج کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔ ایشیا اور بحرالکاہل میں ایک اہم کثیر الجہتی ترقیاتی بینک اور قابل اعتماد شراکت دار کی حیثیت سے ایشیائی ترقیاتی بینک اپنے ممبران اور شراکت داروں کے ساتھ مل کر علاقائی اور غیر علاقائی دونوں طرح کے پیچیدہ چیلنجز کو حل کرنے کے لیے کام کر رہا ہے۔

اس سال کے سالانہ اجلاس میں ایشیا اور بحرالکاہل میں تبدیلی لانے کے لئے مرکزی اہمیت کے حامل چار شعبوں پر روشنی ڈالی گئی ہے۔

سب سے پہلے، خطے کے خوراک کے نظام کی کمزوری سے نمٹنے کے لئے، ایشیائی ترقیاتی بینک 2030 تک خوراک کے نظام میں تبدیلی کے لئے فنانسنگ کو 40 بلین ڈالر تک بڑھائے گا.

دوسرا، ایشیائی ترقیاتی بینک تعلیم، فنانس اور مارکیٹوں تک رسائی کو بہتر بنانے کے لیے ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز میں سرمایہ کاری کر رہا ہے۔

تیسرا، ایشیائی ترقیاتی بینک توانائی کے نظام کو جدید بنانے اور مربوط کرنے میں سرمایہ کاری کر رہا ہے، جس میں آسیان پاور گرڈ پر کام کی حمایت کے لئے 10 بلین ڈالر تک کا وعدہ کرنا بھی شامل ہے۔

چوتھا،اے ڈی بی نے کہا ہے کہ وہ خطے کو موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے محفوظ رکھنے اور اسے مزید مضبوط بنانے کے لیے سرمایہ کاری کو وسعت دے رہا ہے۔ اس اقدام کے تحت بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے، ماحولیاتی نظام (ایکو سسٹم) کی بحالی اور تحفظ کو فروغ دینے، کمزور اور متاثرہ برادریوں کو موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لیے مدد فراہم کی جائے گی۔

مزید برآں اے ڈی بی نے نجی شعبے کی ترقی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ 2030 تک نجی شعبے کی مالی معاونت کو چار گنا بڑھا کر سالانہ 13 ارب ڈالر تک لے جائے گا۔