پوپ فرانسس، جو رومن کیتھولک چرچ کے پہلے لاطینی امریکی رہنما تھے، وفات پا گئے ہیں۔ ویٹی کن نے پیر کے روز ایک ویڈیو بیان میں ان کی موت کی تصدیق کی، یوں ایک ایسا دور ختم ہوا جو اکثر اختلافات اور تناؤ سے بھرپور رہا کیونکہ انہوں نے اس قدامت پسند ادارے میں اصلاحات لانے کی کوشش کی۔

ان کی عمر 88 سال تھی، اور حال ہی میں وہ ڈبل نمونیا کے شدید حملے سے صحت یاب ہوئے تھے۔

کارڈینل کیون فیرل نے ویٹی کن کے ٹی وی چینل پر اعلان کیا کہ“پیارے بھائیو اور بہنو، انتہائی دکھ کے ساتھ مجھے ہمارے مقدس فادر، فرانسس، کی وفات کی اطلاع دینی ہے۔“
”آج صبح 7 بج کر 35 منٹ پر روم کے بشپ فرانسس اپنے آسمانی باپ کے گھر روانہ ہو گئے۔“

خورخے ماریو برگولیو کو 13 مارچ 2013 کو پوپ منتخب کیا گیا، جس نے بہت سے چرچ مبصرین کو حیران کر دیا جنہوں نے اس ارجنٹائنی رہنما کو ایک باہر والا سمجھا، جو غربا کے لیے ہمدردی کے لیے جانے جاتے تھے۔

انہوں نے اپنے کردار میں سادگی لانے کی کوشش کی اور اپنے پیش روؤں کے زیر استعمال اپوسٹولک پیلس کے شاہی رہائشی اپارٹمنٹس کو اختیار کرنے سے انکار کیا، یہ کہتے ہوئے کہ وہ نفسیاتی سکون کے لیے اجتماعی رہائش کو ترجیح دیتے ہیں۔

انہوں نے ایک ایسے چرچ کی باگ ڈور سنبھالی جو بچوں کے جنسی استحصال کے اسکینڈل کی زد میں تھا اور ویٹی کن کی بیوروکریسی میں باہمی چپقلش کا شکار تھا۔ انہیں نظم و ضبط بحال کرنے کے واضح مینڈیٹ کے ساتھ منتخب کیا گیا تھا۔ تاہم جیسے جیسے ان کی قیادت کا وقت گزرتا گیا، انہیں قدامت پسندوں کی سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا، جو انہیں مقدس روایات کو پامال کرنے کا مرتکب سمجھتے تھے۔

دوسری طرف، ترقی پسند طبقہ بھی ان سے نالاں رہا کیونکہ ان کے خیال میں پوپ نے 2,000 سال پرانے چرچ میں اصلاحات کے لیے خاطرخواہ اقدامات نہیں کیے۔

اندرونی اختلافات کے باوجود، پوپ فرانسس عالمی سطح پر ایک ممتاز شخصیت کے طور پر ابھرے، اور اپنے غیر ملکی دوروں میں عوام کے بڑے ہجوم کی توجہ کا مرکز رہے۔ انہوں نے بین المذاہب مکالمے، امن، اور پسماندہ طبقات—جیسے مہاجرین—کے حقوق کے فروغ کے لیے آواز بلند کی۔

جدید دور میں منفرد بات یہ تھی کہ پوپ فرانسس کی قیادت کے زیادہ تر عرصے میں ویٹی کن میں دو سفید لباس پہنے پوپ موجود رہے—کیونکہ ان کے پیش رو بینیڈکٹ نے 2013 میں غیر متوقع طور پر استعفیٰ دینے کے بعد ویٹی کن میں ہی رہنے کا فیصلہ کیا تھا، جس سے نئے پوپ کی راہ ہموار ہوئی۔

بینیڈکٹ، جو قدامت پسندوں کے ہیرو سمجھے جاتے تھے، دسمبر 2022 میں وفات پا گئے، جس کے بعد پوپ فرانسس واحد پوپ رہ گئے۔

فروری 2025 تک پوپ فرانسس نے تقریباً 80 فیصد ایسے کارڈینلز تعینات کیے تھے جو اگلے پوپ کا انتخاب کریں گے، جس سے یہ امکان بڑھ گیا کہ ان کا جانشین بھی ان کی ترقی پسند پالیسیوں کو جاری رکھے گا، چاہے قدامت پسند طبقہ کتنا ہی سخت ردعمل کیوں نہ دے۔