وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف ترکی کی خاتون اول کی خصوصی دعوت پر چوتھے اناطولیہ ڈپلومیسی فورم (اے ڈی ایف) کی 3 روزہ تقریب میں شرکت کے لیے ترکیہ جائیں گی۔
ترک خاتون اول ایمن اردوان نے وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کو اناطولیہ ڈپلومیسی فورم میں خصوصی خطاب کی دعوت بھی دی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کے اعزاز میں ایک خصوصی ثقافتی تقریب ’اناطولیہ‘ کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔ ترک خاتون اول نے وزیراعلیٰ کو دعوت نامہ ارسال کرتے ہوئے کہا کہ اناطولیہ ڈپلومیسی فورم میں آپ کی شرکت پر ہمیں بے حد خوشی ہوگی۔ امید ہے کہ آپ ہمیں اناطولیہ کانفرنس کی میزبانی کا اعزاز ضرور دیں گی۔
ترکیہ کی وزارت خارجہ کے آرگنائزر کا کہنا تھا کہ ہمیں یقین ہے کہ اے ڈی ایف 2025 میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی شرکت انتہائی قابل قدر ثابت ہوگی۔ اناطولیہ ڈپلومیسی فورم کا عنوان ’منقسم دنیا میں سفارتی تعلقات کی بحالی‘ ہوگا۔ اناطولیہ ڈپلومیسی فورم میں دنیا بھر کے سربراہان مملکت، ممتاز سفارتکار اور ممتاز شخصیات شرکت کریں گی۔
وزیراعلیٰ مریم نوازشریف اناطولیہ ڈپلومیسی کانفرنس کے دوران اے ڈی ایف لیڈرز پینل میں شرکت کریں گی۔ وہ اے ڈی ایف ٹاکس اور اے ڈی ایف راؤنڈ کا بھی حصہ ہوں گی۔ وہ منقسم دنیا میں مستقبل کی تشکیل اور علم کے ذریعے تبدیلی کی طاقت کے موضوع پر خصوصی خطاب کریں گی۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2025