دنیا

امریکی قومی سلامتی کے مشیر کا وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ٹیلی فونک رابطہ

  • وزیر خارجہ نے صدر ٹرمپ کے افغانستان میں چھوڑا گیا امریکی فوجی سازوسامان واپس لینے کے اعلان کو سراہا
شائع اپ ڈیٹ

دفتر خارجہ کی جانب سے بدھ کے روز جاری ایک بیان کے مطابق امریکہ کے قومی سلامتی کے مشیر مائیکل والٹز نے 4 مارچ 2025 کو وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ٹیلی فون پر بات چیت کی اور دہشت گردی کے خلاف حکومت پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور شکریہ ادا کیا۔

این ایس اے مائیکل والٹز کی جانب سے یہ فون کال حالیہ پیش رفت کے بعد سامنے آئی ہے جس میں پاکستان نے 2021 میں افغانستان سے انخلا کے دوران 13 امریکی فوجیوں کے قتل کے ذمہ دار شخص کو گرفتار کرکے ان کے حوالے کیا ہے۔

قبل ازیں صدر ٹرمپ نے کانگریس سے خطاب کے دوران تعاون پر پاکستانی حکومت کا شکریہ ادا کیا تاہم انہوں نے مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔

وزیر خارجہ نے قومی سلامتی کے مشیر کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان صدر ٹرمپ اور ان کی انتظامیہ کے تحت امریکہ کے ساتھ اپنے دیرینہ اور وسیع البنیاد تعلقات کو فروغ دینے کا خواہاں ہے۔

انہوں نے انسداد دہشت گردی کے شعبے میں امریکہ کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے صدر ٹرمپ کی جانب سے افغانستان میں چھوڑا گیا امریکی فوجی سازوسامان واپس لینے کے اعلان کو بھی سراہا۔

فریقین نے انفارمیشن ٹیکنالوجی ( آئی ٹی ) ، توانائی اور معدنیات جیسے اہم شعبوں میں تعاون کو گہرا کرنے کا عہد کیا۔

انہوں نے تجارت، سرمایہ کاری، موسمیاتی تبدیلی اور صحت پر پائیدار مکالمے کی اہمیت پر زور دیا جو مستقبل کے تعلقات کے لئے ایک جامع ایجنڈے کا حصہ ہے۔