پی آئی اے نے اسلام آباد پیرس فلائٹ آپریشن کا دوبارہ آغاز کر دیا

10 جنوری 2025

پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے یورپی یونین کی جانب سے ایئر لائن پر عائد پابندیاں ہٹائے جانے کے بعد اسلام آباد اور پیرس کے درمیان فلائٹ آپریشن 10 جنوری 2025 سے دوبارہ شروع کر دیا ہے۔

“پیرس، ہم آج آ رہے ہیں. قومی ایئرلائن نے جمعہ کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں اعلان کیا کہ اسلام آباد اور پیرس کے درمیان پروازیں 10 جنوری 2025 سے بحال کی جائیں گی۔

قومی ایئر لائن پیرس کے لئے ہفتہ وار دو براہ راست پروازیں چلائے گی۔

یہ پیش رفت یورپی کمیشن اور یورپین ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی (ای اے ایس اے) کی جانب سے گزشتہ سال پی آئی اے پر عائد پابندی ختم کرنے کے فیصلے کے بعد سامنے آئی ہے۔

یہ فیصلہ ای اے ایس اے کی ٹیم اور یورپی کمیشن کے دورہ پاکستان کے ایک سال بعد سامنے آیا ہے۔

ای اے ایس اے نے پی آئی اے کو خطے میں کام کرنے کی اجازت اس وقت معطل کردی تھی جب پاکستان نے ایک طیارہ حادثے کے بعد پائلٹس کے لائسنس کی قانونی حیثیت کی تحقیقات شروع کی تھیں، اس حادثے میں 97 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

وزیر مملکت برائے خزانہ و محصولات علی پرویز ملک نے جون 2024 میں قومی اسمبلی کو بتایا تھا کہ اس پابندی سے ایئر لائن کو سالانہ تقریبا 40 ارب روپے (143.73 ملین ڈالر) کا نقصان ہوا۔

خسارے کا شکار قومی ایئر لائن کے پاس پاکستان کی مقامی ایوی ایشن مارکیٹ میں 23 فیصد حصہ ہے، لیکن اس کا 34 طیاروں کا فلیٹ مشرق وسطی کی ایئر لائنز کا مقابلہ نہیں کرسکتا جو 60 فیصد مارکیٹ شیئر رکھتی ہیں، کیونکہ اس کے پاس براہ راست پروازیں نہیں ہیں، حالانکہ 87 ممالک کے ساتھ معاہدے اور اہم لینڈنگ سلاٹس موجود ہیں۔

ایئر لائن کی نجکاری کی حکومت کی کوشش اس وقت ناکام ہو گئی جب اسے صرف ایک ہی پیشکش موصول ہوئی، جو اس کی مانگی گئی قیمت سے کافی کم تھی۔

گزشتہ ماہ وفاقی وزیر برائے نجکاری عبدالعلیم خان نے کہا تھا کہ پی آئی اے کی یورپ کے لیے پروازوں کا آغاز بہت مثبت قدم ہے اور یہ پی آئی اے کی نجکاری کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔

Read Comments