کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے فیصلہ کیا ہے کہ پاکستان ایگریکلچرل اسٹوریج اینڈ سروسز کارپوریشن لمیٹڈ (پاسکو) مقامی اور درآمد شدہ گندم کو مختص تناسب کی بنیاد پر جاری کرے گی، یہاں تک کہ درآمد شدہ گندم کا تمام اسٹاک مکمل طور پر ختم ہو جائے۔ تمام گندم کی کمی والے ادارے اور علاقے غذائی سال 2024-25 کے دوران اپنی طے شدہ مانگ کے مطابق گندم اٹھائیں گے۔
وفاقی وزیر خزانہ و ریونیو سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں صدر مملکت اور وزیراعظم کے ساتھ ریاستی فرائض کے لیے استعمال ہونے والے دو وی وی آئی پی طیاروں کے انجنوں کی مرمت کے لیے وزارت دفاع کو 1.8 ارب روپے کی تکنیکی سپلیمنٹری گرانٹ (ٹی ایس جی) کی منظوری دی گئی۔
ای سی سی نے وزارت منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات کی اس تجویز کی بھی منظوری دی کہ مالی سال 2024-25 کے دوران ”فلڈ رسپانس ایمرجنسی ہاؤسنگ پراجیکٹ“ کے تحت مختص کردہ 30 ارب روپے کی رقم کو فنانس ڈویژن کو تکنیکی ضمنی گرانٹ کے طور پر منتقل کیا جائے، تاکہ ترقیاتی بجٹ کے فنانس ڈویژن کی ریلیز حکمت عملی کے مطابق اور وزارت منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات کی اجازت کے بعد، سندھ حکومت کو جاری کیا جا سکے۔
ای سی سی نے وزارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ کی جانب سے سال 2024-25 کے لیے پاسکو کے مقامی اور درآمدی گندم کے اسٹاک کو گندم کی کمی والے اداروں/ریجنز میں مختص کرنے کی تجویز پر غور کیا۔
ای سی سی نے اس معاملے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور فیصلہ کیا کہ یکم فروری 2024 کو ای سی سی کے طے کردہ الاٹمنٹ تناسب کی بنیاد پر پاسکو کی جانب سے مقامی اور درآمدی گندم مختص اور جاری کی جائے گی، جب تک درآمدی گندم کے اسٹاک کو مکمل طور پر ٹھکانے نہیں لگایا جاتا اور گندم کی کمی والے تمام 7 ایجنسیاں/ریجن غذائی سال 2024-25 کے دوران اپنی مقررہ طلب کے مطابق گندم اٹھائیں گے۔
تاہم ای سی سی نے ہدایت کی کہ ایجنسیوں اور ریجنز کی جانب سے اٹھائی جانے والی گندم کی کوالٹی اور استعمال کے لیے فٹنس کے لیے پہلے سے ٹیسٹ کیا جائے۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی نے وزارت داخلہ کی جانب سے 252.711 ملین روپے مالیت کا ٹی ایس جی دینے کی تجویز پر غور کیا اور اس کی منظوری دی جس میں وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس کی جانب سے کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کو مختص کی گئی رقم شامل ہے تاکہ وزیراعظم آفس (پبلک)، وزیراعظم آفس انٹرنل اور پرائم منسٹر اسٹاف کالونی میں شہری خدمات کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔
ای سی سی نے صدر اور وزیر اعظم پاکستان کے ساتھ ریاستی فرائض کے لئے استعمال ہونے والے دو وی وی آئی پی طیاروں کے انجنوں کی مرمت کے لئے وزارت دفاع کو 1.8 ارب روپے کی ٹی ایس جی دینے پر غور کیا اور منظوری دی۔
ای سی سی نے وزارت داخلہ کی جانب سے ڈائریکٹر جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کو 2.939 ارب روپے ٹی ایس جی کی فراہمی کی تجویز کی بھی منظوری دی تاکہ عوامی مفاد میں ڈائریکٹوریٹ کے بلا تعطل اور ہموار سرکاری کام کاج کیلئے 2 ای پاسپورٹ پرسنلائزیشن سسٹم اور 6 ڈیسک ٹاپ پرسنلائزیشن مشینوں کی خریداری کی جاسکے۔
ای سی سی اجلاس میں قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے اسلامی جمہوریہ پاکستان کے آئین 1973 کے آرٹیکل 84 کے تحت نیب کے حق میں 37 کروڑ 60 لاکھ روپے مختص کرنے کی ٹی ایس جی کی سمری پر بھی غور کیا گیا اور ریکوری اینڈ ریوارڈ رولز 2002 کی مد میں اخراجات پورے کرنے کی منظوری دی گئی۔
ای سی سی نے وزارت تجارت کی جانب سے چین میں اپنے تجارتی اور سرمایہ کاری مشنز کی معاونت کے لیے 226.720 ملین روپے کی ٹی ایس جی مختص کرنے کی تجویز پر بھی غور کیا اور اس کی منظوری دی۔
اجلاس میں وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین، وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری، وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال، وزیر مملکت برائے خزانہ و محصولات علی پرویز ملک، گورنر اسٹیٹ بینک (ورچوئل) اور چیئرمین ایس ای سی پی (ورچوئل) کے علاوہ متعلقہ وزارتوں اور ڈویژنز کے وفاقی سیکرٹریز اور سینئر افسران نے شرکت کی۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2024