قتل کی سازش میں امریکہ کو مطلوب سابق بھارتی عہدیدار دہلی میں 10 ماہ قبل گرفتار ہوچکا

اپ ڈیٹ 19 اکتوبر 2024

عدالتی ریکارڈ اور ایک پولیس افسر کے مطابق امریکہ میں مبینہ طور پر قتل کی ناکام منصوبہ بندی کے الزام میں حکام کو مطلوب سابق بھارتی عہدیدار کو گزشتہ برس دسمبر میں نئی دہلی میں گرفتار کیا جاچکا۔ سابق بھارتی عہدیدار پر گزشتہ روز امریکہ میں فرد جرم عائد کی گئی ہے۔

امریکہ کے محکمہ انصاف نے جمعرات کے روز 39 سالہ وکاس یادو کے خلاف فرد جرم عائد کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ اس نے نیویارک میں ایک سکھ علیحدگی پسند کے قتل کی سازش رچائی تھی۔

فرد جرم میں الزام لگایا گیا ہے کہ مئی 2023 سے وکاس یادو، جسے اس وقت ہندوستانی حکومت کا ملازم بتایا جاتا تھا، نے گرپتونت سنگھ پنون کے خلاف سازش کی ہدایت کرنے کے لئے ہندوستان اور بیرون ملک دیگر لوگوں کے ساتھ مل کر کام کیا۔

پولیس افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر رائٹرز کو بتایا کہ دہلی پولیس نے یادو کو 18 دسمبر کو بھارتی دارالحکومت سے گرفتار کیا تھا۔ دہلی کی ضلع عدالت میں دائر ایک مقدمے کے مطابق یادو اور اس کے ایک ساتھی پر اقدام قتل اور دیگر جرائم کا الزام ہے۔

یادو کے وکیل آر کے ہانڈو نے الزامات کو گمراہ کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت اور میرے موکل کو شرمندہ کرنے کی بین الاقوامی سازش کی جارہی ہے۔

ہانڈو نے مزید تبصرہ کرنے سے انکار کیا۔

انہوں نے اور پولیس نے یادو کے ٹھکانے کے بارے میں پوچھے گئے سوالوں کا جواب نہیں دیا۔ واشنگٹن پوسٹ نے امریکی عہدیداروں کے حوالے سے جمعرات کو خبر دی کہ یادو اب بھی بھارت میں ہے اور توقع ہے کہ امریکہ اس کی حوالگی کا مطالبہ کرے گا۔

دہلی کی ضلعی عدالت کے 23 فروری کے حکم نامے میں بتایا گیا ہے کہ یادو کی گرفتاری ایک ہندوستانی تاجر کی شکایت پر کی گئی تھی جس نے الزام لگایا تھا کہ یادو اور اس کے ساتھی نے دسمبر میں اس پر حملہ کرکے لوٹ لیا تھا جبکہ اغوا بھی کیا تھا۔

عدالت کے 23 فروری کے حکم میں کہا گیا ہے کہ ملزمان نے شکایت کنندہ کو تشدد کا نشانہ بنایا اور اس کے ساتھ بدسلوکی کی اور گینگسٹر لارنس بشنوئی کے نام پر پیسے کا مطالبہ کیا۔

بھارت کی قومی تحقیقاتی ایجنسی کے مطابق گجرات ریاست کی جیل میں قید بشنوئی ایک منظم جرائم پیشہ گروہ کا سرغنہ ہے۔ بشنوئی کے وکیل کا کہنا ہے کہ اسے قتل اور بھتہ خوری جیسے الزامات پر 40 سے زیادہ مقدمات کا سامنا ہے جس میں سے بیشتر ابھی شروع ہونے ہیں۔

رواں ہفتے کینیڈا نے بھی بھارتی حکومت کے ایجنٹوں پر بشنوئی کے گینگ سے روابط اور کینیڈا میں بھارتی باغیوں کو نشانہ بنانے کے لیے ایک مہم چلانے کے الزامات عائد کیے ہیں۔ بھارت کی حکومت نے ان الزامات کی تردید کی ہے۔

یادو کے دہلی کے کیس میں، عدالت کے حکم میں شکایت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا: “ملزمان نے شکایت کنندہ کے کیفے سے بینک چیک بک حاصل کی اور خالی چیک پر اس کے دستخط حاصل کیے، اور بعد میں اسے اس کی گاڑی کے قریب چھوڑ دیا، اس کو خاموش رہنے کی دھمکی دی۔

یادو کیخلاف دہلی میں قائم مقدمے میں عدالت نے شکایت کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ ملزمان شکایت کنندہ کے کیفے سے بینک چیک بک بھی لائے اور خالی چیک پر اس کے دستخط حاصل کیے اور بعد میں خاموش رہنے کی دھمکی دیتے ہوئے اسے اپنی کار کے پاس چھوڑ دیا۔

Read Comments