سمندری طوفان ملٹن بدھ کے روز فلوریڈا کے خلیجی ساحل کی جانب بڑھ گیا ہے جس کے نتیجے میں شہریوں کو ’تباہ کن‘ کیٹیگری 5 کے طوفان کے ٹکرانے سے قبل انخلا کیلئے ایک دن کی مہلت مل رہی ہے۔
ساحلی علاقوں میں 10 لاکھ سے زائد افراد کو نقل مکانی کے احکامات جاری کیے گئے ہیں، منگل کے روز زیادہ تر لوگ محفوظ مقامات کی جانب منتقل ہورہے ہیں جس کے باعث ہائی ویز پر ٹریفک جام ہوگیا اور پٹرول پمپس میں ایندھن ختم ہو گیا جب کہ یہ علاقہ دو ہفتے قبل طوفان ہیلی کے تباہ کن اثرات سے نکل رہا ہے۔
طوفان ٹمپا بے میٹروپولیٹن علاقے کی طرف بڑھ رہاہے جہاں 30 لاکھ سے زائد افراد رہائش پذیر ہیں تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ بدھ کی رات طوفان کے ٹکرانے سے پہلے راستہ مختلف ہوسکتا ہے۔
امریکہ کے نیشنل ہریکین سینٹر نے ملٹن کو ایک ”تباہ کن“ اور ”خطرناک“ سمندری طوفان قرار دیا ہے جس میں زیادہ سے زیادہ 160 میل فی گھنٹہ (260 کلومیٹر فی گھنٹہ) کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں جو اسے پانچ درجے کے سیفیئر-سمپسن اسکیل پر سب سے اعلیٰ سطح پر رکھتا ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ دوپہر سے موسم کی صورتحال خراب ہونا شروع ہونے کا امکان ہے۔
وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن اور نائب صدر کملا ہیرس کو دوپہر میں طوفان کے بارے میں بریفنگ دی جائے گی اور بائیڈن دوپہر میں بیان دیں گے۔
فلوریڈا کے شہر سرسوٹا کی میئر لز الپرٹ کا کہنا ہے کہ ٹامپا بے کے جنوب میں واقع ان کا ساحلی شہر ہر ممکن حد تک تیار ہے۔
میئر نے ایم ایس این بی سی کو بتایا کہ ہم جتنا ہو سکتے ہیں تیار ہیں، لیکن یہ واقعی، واقعی ایک تباہ کن شکل اختیار کررہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ لوگوں کیلئے دو ہفتے پہلے کے تجربے کے بعد ایک اور طوفان کی صورتحال کا سامنا جذباتی طور پر بہت مشکل کام ہے۔
ملٹن خلیج میکسیکو کے ذریعے مغرب سے مشرق کی طرف گامزن ہے اور امکان ہے کہ یہ فلوریڈا کے خلیجی ساحل کے زیادہ تر حصے میں 10 فٹ (3 میٹر) یا اس سے زیادہ کی تباہ کن لہروں کا سبب بن سکتا ہے۔
بائیڈن سے لے کر ٹمپا کی میئر جین کیسٹور تک کے اہلکاروں نے انخلا کے علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو خبردار کیا کہ وہ نکل جائیں یا جان لیوا خطرے کا سامنا کریں گے۔
ٹمپا میں اپنے بیٹے سے ملنے آئے مائیکل ٹائلنڈا نے کہا کہ وہ اس مشورے پر عمل کر رہے ہیں۔
ٹائلنڈا کا کہنا تھا کہ اگر کسی کو فلوریڈا کے بارے میں کچھ معلوم ہے اور حکم ملنے پر وہ وہاں سے نہ نکلیں تو یقینی طور پر ہلاک ہوسکتے ہیں، یہاں بہت سے لوگ اپنے گھروں میں رہتے ہیں اور وہ ڈوب جاتے ہیں، آپ جانتے ہیں گھر تبدیل کیا جا سکتا ہے، سامان تبدیل کیا جا سکتا ہے اس لیے شہر سے باہر نکل جانا ہی بہتر ہے۔
اگرچہ ہوا کی رفتار کم ہوسکتی ہے اور ملٹن کو کم کیٹیگری میں کم کر سکتی ہے لیکن طوفان کا حجم بڑھ رہا ہے جس سے مزید ساحلی علاقوں کو خطرات لاحق ہیں۔
اپنی تازہ ایڈوائزری میں این ایچ سی نے کہا ہے کہ ملٹن کے جمعرات اور جمعہ کو مشرق، شمال مشرق اور مشرق کی طرف رخ کرنے کی توقع ہے۔
سی ڈی ٹی کے مطابق صبح 4 بجے (جی ایم ٹی 0900) طوفان کا مرکز ٹمپا کے جنوب مغرب میں 300 میل (485 کلومیٹر) دور تھا۔
ملٹن کے فلوریڈا کے جزیرہ نما سے گزرتے وقت طوفان کی طاقت برقرار رہنے کی توقع تھی، جس سے ریاست کے اٹلانٹک ساحل پر بھی طوفانی لہروں کا خطرہ پیدا ہو رہا ہے۔
آکسفورڈ اکنامکس کے چیف امریکی معیشت دان رائن سوئٹ نے کہا کہ امریکی مجموعی قومی پیداوار کا تقریباً 2.8 فیصد براہ راست ملٹن کی زد میں ہے۔ ایئر لائنز، توانائی کی کمپنیاں، اور یونیورسل اسٹوڈیوز کے تھیم پارک جیسے کمپنیاں اپنے فلوریڈا کے آپریشنز کو معطل کرنا شروع کر رہی ہیں کیونکہ وہ تعطل کے لیے تیار ہیں۔
ملٹن بحر اوقیانوس میں ریکارڈ تیسرا تیز ترین طوفان بن گیا جو 24 گھنٹوں سے بھی کم وقت میں کیٹیگری 1 سے کیٹیگری 5 تک بڑھ گیا ہے۔
ایک غیر منافع بخش تحقیقی گروپ کلائمٹ سینٹرل سے تعلق رکھنے والے موسمیاتی سائنسدان ڈینیئل گلفورڈ کا کہنا ہے کہ سمندر کی سطح کا یہ انتہائی گرم درجہ حرارت شدت کو ضروری ایندھن فراہم کرتا ہے جو ہم نے دیکھا ہے، ہم جانتے ہیں کہ جب انسانوں کی جانب سے گرین ہاؤس گیسوں کی مقدار میں اضافہ ہوتا ہے، خاص طور پر فوسل فیولز کے جلنے کی وجہ سے تو ہم دنیا بھر میں اس درجہ حرارت کو بڑھا رہے ہیں۔
ایک درجن سے زائد ساحلی کاؤنٹیز نے لازمی انخلا کے احکامات جاری کیے جن میں ٹمپا کی ہلزبورو کاؤنٹی بھی شامل ہے۔ سینٹ پیٹرزبرگ سمیت پنیلس کاؤنٹی نے پانچ لاکھ سے زائد افراد کو نکالنے کا حکم دیا ہے۔ لی کاؤنٹی نے کہا کہ ایسے زون میں جہاں سے انخلا ناگزیر ہے 416,000 لوگ رہائش پذیر ہیں
موبائل ہومز، نرسنگ ہومز اور رہائشی سہولیات کو بھی لازمی انخلا کا سامنا کرنا پڑا۔
فورٹ مائرز میں موبائل ہومز میں رہنے والے جیمی واٹس اور ان کی اہلیہ نے 2022 میں سمندری طوفان ایان کے ہاتھوں اپنا گھر کھونے کے بعد ایک ہوٹل میں پناہ لی تھی۔
واٹس نے کہا کہ’میری بیوی خوش ہے، ہم اس ٹین کے ڈبے میں نہیں رہ رہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم ایان کے دوران ٹھہرے اور واقعی میری چھت کو میرے گھر سے اڑتے ہوئے دیکھا اور اس نے ہمارے اندر افراتفری پیدا کردی، لہٰذا اس بار میں تھوڑا زیادہ محفوظ ہونے جا رہا ہوں۔
فلوریڈا کے 8 ہزار گیس اسٹیشنوں میں سے 17 فیصد میں ایندھن ختم ہو گیا ہے جس کے باعث منگل کے روز ٹمپا سے باہر جانے والی سڑکوں پر ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا ہے۔ تیل کی مارکیٹ کی ٹریکر گیس بڈی کے مطابق فلوریڈا کے 8 ہزار پٹرول پمپس پر ایندھن ختم ہوگیا ہے۔