اقوام متحدہ کے قبرص امن مشن اور سنٹرل افریقن ریپبلک میں خدمات انجام دینے والی دو پاکستانی خواتین امن فوجی افسروں میجر ثانیہ صفدر اور میجر کومل مسعود کو اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرز نیویارک میں محکمہ امن آپریشنز کے انڈر سیکرٹری جنرل کی جانب سے ’جینڈر ایڈوکیسی ایوارڈ‘ سے نوازا گیا ہے ۔
یہ ایوارڈ اقوام متحدہ کے نظریات کو آگے بڑھانے میں ان کی غیر معمولی پیشہ ورانہ مہارت اور عزم کو تسلیم کرتا ہے۔ دونوں افسران نے غیر معمولی لگن کا مظاہرہ کیا اور امن و استحکام کی کوششوں میں نمایاں کردار ادا کیا، خاص طور پر امن آپریشنز میں خواتین کی بامعنی شرکت کو فروغ دینے میں ان کا کردار اہم رہا۔
ان کی کاوشوں کو متعلقہ مشن فورس کمانڈرز نے سراہا ہے،یہ اعتراف پاکستان کے اقوام متحدہ کے امن مشن مینڈیٹ، پیشہ ورانہ مہارت اور پاکستانی امن فوجیوں کی مثبت اثرات مرتب کرنے کی انتھک کوششوں کے عزم کا ثبوت ہے ،پاکستان عالمی امن و سلامتی کے تصورات کو عملی جامہ پہنانے میں اقوام متحدہ کے امن مشنوں میں فعال تعاون کے ذریعے ایک ذمہ دار رکن کی حیثیت سے اہم کردار ادا کرنے کے عزم پر قائم ہے ۔