مالی سال 24 : موبائل فون کی درآمد میں 233 فیصد اضافہ ، 1.89 ارب ڈالر ریکارڈ

22 جولائ 2024

مالی سال 2023-24 کے دوران موبائل فون کی درآمد میں 233 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

ادارہ شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے مطابق مالی سال 2023-24 کے دوران 1.898 ارب ڈالر مالیت کے موبائل فون درآمد کئے گئے جو مالی سال 2022-23 کے 570.071 ملین ڈالر کے مقابلے میں 233 فیصد اضافہ ظاہر کرتے ہیں ۔

روپے کے لحاظ سے مالی سال 2023-24 کے دوران 535.690 ارب روپے کے موبائل فون درآمد کیے جو 2022-23 کے دوران 136.847 ارب روپے کے مقابلے میں 291.45 فیصد اضافہ ظاہر کرتے ہیں ۔

اعداد و شمار کے مطابق جون 2024 میں ماہانہ بنیادوں پر موبائل فون ز کی درآمدات میں 76.77 فیصد اضافہ ہوا جو مئی 2024 میں 157.592 ملین ڈالر کے مقابلے میں 278.574 ملین ڈالر ریکارڈ کئے گئے ۔

جون 2024 میں سالانہ بنیاد پر موبائل فون کی درآمدات میں 419.90 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جب کہ جون 2023 میں یہ 53.582 ملین ڈالر تھے۔

مالی سال 2023-24 کے دوران ٹیلی کام کی مجموعی درآمدات 147.36 فیصد اضافے سے 2.366 ارب ڈالر رہیں جو مالی سال 2022-23 میں 956.696 ملین ڈالرتھیں۔

سالانہ بنیاد پر مجموعی ٹیلی کام درآمدات میں 232 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ جون 2024 میں یہ 320.094 ملین ڈالر رہی جو جون 2023 میں 96.415 ملین ڈالر تھی ۔ ایم او ایم کی بنیاد پر جون 2024 میں ٹیلی کام کی مجموعی درآمدات میں 51.28 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جو مئی 2024 کے دوران 211.586 ملین ڈالر تھی۔

مقامی مینوفیکچرنگ / اسمبلنگ پلانٹس نے کیلنڈر سال 2024 کے پہلے پانچ ماہ (جنوری تا مئی) کے دوران 13.08 ملین موبائل ہینڈ سیٹ تیار / اسمبل کیے جبکہ تجارتی طور پر 0.76 ملین موبائل ہینڈ سیٹ درآمد کیے گئے تھے۔ سرکاری اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ مئی میں مقامی طور پر تیار / اسمبل ہونے والے 2.23 ملین موبائل ہینڈ سیٹ تھے جبکہ تجارتی طور پر 0.11 ملین درآمد کیے گئے تھے۔

مقامی طور پر تیار کردہ /اسمبل کردہ 13.08 ملین موبائل فون ہینڈ سیٹس میں 4.98 ملین 2 جی اور 8.1 ملین اسمارٹ فونز شامل ہیں۔

اس کے علاوہ پی ٹی اے کے اعداد و شمار کے مطابق 61 فیصد موبائل ڈیوائسز اسمارٹ فونز ہیں جب کہ 39 فیصد پاکستان نیٹ ورک پر 2 جی ہیں۔

کیلنڈر سال 2023 کے دوران موبائل ہینڈ سیٹس کی مقامی مینوفیکچرنگ / اسمبلنگ میں تقریبا 4 فیصد کمی واقع ہوئی جس کی وجہ موبائل فون کے لوازمات کے لئے لیٹر آف کریڈٹ (ایل سی) کھولنے پر پابندی کی وجہ سے درآمدات میں مسائل ہیں تاہم سرکاری اعداد وشمار کے مطابق پابندیوں کے باوجود اس عرصے کے دوران موبائل ہینڈ سیٹس کی کمرشل درآمدات میں اضافہ ہوا۔

مقامی مینوفیکچرنگ پلانٹس نے کیلنڈر سال 2023 کے دوران 21.28 ملین موبائل ہینڈ سیٹ تیار / اسمبل کیے جبکہ 2022 کے اسی عرصے کے دوران 21.94 ملین اور 2021 میں 24.66 ملین موبائل ہینڈ سیٹ تیار کیے تھے ، تاہم تجارتی درآمدات 2022 میں 1.53 ملین سے بڑھ کر 2023 میں 1.58 ملین ہو گئیں۔

مزید برآں، مقامی طور پر تیار کردہ 21.28 ملین موبائل فونز ہینڈ سیٹس میں 13 ملین 2 جی اور 8.28 ملین اسمارٹ فونز شامل ہیں۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2024

Read Comments