پاکستان اور چین نے زراعت، روزگار دینے والی مینوفیکچرنگ انڈسٹری، ڈیجیٹل اکانومی، گرین اکانومی اور لاجسٹک ایکو سسٹم میں دوطرفہ تعاون کو بڑھانے کے لیے مفاہمت کی متعدد یادداشتوں (ایم او یوز) پر دستخط کیے ہیں۔
پاکستان کے سرمایہ کاری بورڈ (بی او آئی) اور متعدد چینی اداروں کے درمیان مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب میں نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے شرکت کی، جو وزیر اعظم شہباز شریف کے ساتھ چین کے پانچ روزہ دورے پر ہیں۔
اس موقع پر وزیراعظم کے معاون خصوصی سید طارق فاطمی، سیکرٹری خارجہ محمد سائرس سجاد قاضی، چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی، سیکرٹری سرمایہ کاری بورڈ رحیم حیات قریشی اور ایڈیشنل سیکرٹری بورڈ آف بی او آئی ڈاکٹر ارفع اقبال بھی موجود تھے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ نے چین کی عالمی اقتصادی پالیسیوں کی اہمیت، عالمی مارکیٹ میں سرمایہ کاری کے لئے چینی کاروباری اداروں کی صلاحیت اور پاکستان کی مقامی مارکیٹ کی مساوی صلاحیت پر زور دیا۔
انہوں نے چین سے صنعتوں کی منتقلی میں دلچسپی رکھنے والے چینی کاروباری اداروں کے لئے پاکستان میں سازگار ماحول کو اجاگر کیا۔