عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں جمعہ کو سونے کی قیمت میں تاریخ کا سب سے بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد اس کے نرخ تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے ۔

عالمی بلین مارکیٹ میں سونا 100 ڈالر کے نمایاں اضافے سے 3218 ڈالر فی اونس کا ہوگیا۔

بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کے نرخ میں نمایاں اضافے کے باعث مقامی سطح پر بھی ملکی تاریخ میں پہلی بار فی تولہ سونے کی قیمت میں 10 ہزار روپے کا بڑا اضافہ دیکھا گیا جس کے نتیجے میں سونے کی فی تولہ قیمت 3 لاکھ 38 ہزار 800 روپے کی نئی بلند ترین سطح پر جاپہنچی۔

اسی طرح دس گرام سونے کی قیمت 8573 روپے کے بھاری اضافے سے 2 لاکھ 90 ہزار 466 روپے کی ریکارڈ سطح پہنچ گئی۔

یاد رہے کہ جمعرات کو سونے کی فی تولہ قیمت 7ہزار 800 روپے کے اضافے سے 3 لاکھ 28 ہزار 800 روپے ہوگئی تھی۔

دریں اثنا چاندی کی فی تولہ قیمت 3234 روپے پر مستحکم رہی۔

رواں سال سونے کی قیمت عالمی غیر یقینی صورتحال اور افراطِ زر کے خلاف تحفظ کے طور پر 18 فیصد سے زیادہ بڑھ چکی ہے جس کی بڑی وجوہات میں ٹرمپ کی ٹیرف پالیسی، فیڈرل ریزرو کی جانب سے شرح سود میں کمی کی توقعات، مشرق وسطیٰ اور یوکرین میں کشیدگیاں، مرکزی بینکوں کی خریداری اور سونے کی بنیاد پر ایکسچینج ٹریڈڈ فنڈز (ای ٹی ایف) میں سرمایہ کاری میں اضافہ شامل ہیں۔

Comments

200 حروف