ازبکستان رواں سال کے اختتام تک پاکستانی سیاحوں کے لیے ویزا آن آرائیول کی سہولت متعارف کرانے جارہا ہے، جب کہ اگلے دو سے تین ماہ کے دوران ای ویزا کے اجرا کی سہولت بھی متوقع ہے۔ یہ بات ازبکستان کی کنٹری رپریزنٹیٹو البینا مرتضیٰ نے جمعرات کو بزنس ریکارڈر کو بتائی۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے صدور سیاحوں کے لیے ویزا آن آرائیول کی سہولت متعارف کرانے کے لیے بات چیت کررہے ہیں۔ یہ بات انہوں نے یہاں ایک مقامی ہوٹل میں منعقدہ ازبکستان ٹورازم روڈ شو 2025 کی سائڈ لائنز پر کہی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ فی الحال پاکستانی سیاحوں کو ازبکستان جانے کیلئے اسلام آباد میں واقع ازبک سفارتخانے سے ویزا حاصل کرنا پڑتا ہے۔
نمائندہ نے مزید کہا کہ ازبکستان کی نئی حکومت آنے والے مہینوں میں ای ویزا سہولت متعارف کرانے پر کام کررہی ہے۔
پاکستانی سیاحوں کے لیے دیکھنے کے لیے بے شمار تاریخی مقامات ہوں گے، جن میں بخارا، سمرقند اور بہت سے دیگر شامل ہیں۔
دونوں حکومتیں سیاحوں کے لیے ویزا آن آرائیول کی سہولت کو حتمی شکل دینے کیلئے بات چیت کررہی ہیں۔
ازبکستان کی وزارت کے مارکیٹنگ ڈپارٹمنٹ کے چیف سپیشلسٹ توقیر شمسی ماتوف نے کہا کہ ازبکستان میں سیاحت کو فروغ دینے کے لئے 9 سے 11 اپریل 2025 تک لاہور، کراچی اور اسلام آباد سمیت پاکستان کے مختلف شہروں میں روڈ شوز کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے وضاحت کی کہ ان روڈ شوز کا بنیادی مقصد پاکستان اور ازبکستان کے درمیان تجارتی شعبے میں دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانا، اسٹیک ہولڈرز سے رابطہ قائم کرنا اور نجی شعبے کے ساتھ بزنس ٹو بزنس (بی ٹو بی) ملاقاتیں منعقد کرنا ہے۔
توقیر شمسی ماتوف نے زور دے کر کہا کہ ازبک حکومت کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان سیاحت کو بڑھانا ہے۔
پاکستانی شہریوں کے لیے ویزا کے اجرا کے بارے میں انہوں نے مزید کہا کہ سیاحوں کے لیے ای ویزا کی مدت 10 دن سے بڑھا کر 30 دن کی جائے گی اور یہ سہولت توقع ہے کہ اگلے چند ماہ میں متعارف کرائی جائے گی۔
اس ایونٹ میں ازبکستان کے زندہ دل ثقافتی ورثے، سیاحت کے مواقع، اور مہمان نوازی کو اجاگر کیا گیا ہے۔
روڈ شو نے سیاحتی کمپنیوں، ہوٹل کے پیشہ ور افراد، اور دونوں ممالک کے نمائندوں کو اکٹھا کیا، جس سے بی 2 بی نیٹ ورکنگ، سیاحت کے فروغ اور سیاحت کی صنعت میں مستقبل میں سرمایہ کاری کے امکانات پر تبادلہ خیال کا ایک پلیٹ فارم فراہم کیا گیا۔
کاپی رائٹ: بزنس ریکارڈر، 2025
Comments