پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے جمعہ کو ایک پریس ریلیز میں بتایا کہ سیکیورٹی فورسز نے جمعرات کی رات ضلع لوئر دیر کے علاقے تیمرگرہ میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر کیے گئے آپریشن کے دوران دو دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جن میں ایک ہائی ویلیو ٹارگٹ بھی شامل ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران اپنی افواج نے خوارج کے ٹھکانے کو گھیرے میں لے کر مؤثر انداز میں کارروائی کی، جس کے نتیجے میں ہائی ویلیو ٹارگٹ خوارج حفیظ اللہ کوچوان اور اس کا ساتھی مارا گیا۔
پریس ریلیز میں بتایا گیا کہ حفیظ اللہ کوچوان سیکیورٹی فورسز اور معصوم شہریوں کے خلاف متعدد دہشت گرد سرگرمیوں میں ملوث تھا۔
وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتہائی مطلوب تھا اور حکومت نے اس کے سر کی قیمت ایک کروڑ روپے مقرر کر رکھی تھی۔
پریس ریلیز میں مزید کہا گیا کہ علاقے میں موجود کسی بھی اور خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے کیونکہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
اس سے قبل 7 اپریل کو سیکیورٹی فورسز نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقہ تکواڑہ میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر کیے گئے آپریشن میں نو دہشت گردوں کو ہلاک کیا تھا، جن میں ایک ہائی ویلیو ٹارگٹ بھی شامل تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کہ خوارج گروہ کا سرغنہ شیرین قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتہائی مطلوب تھا، وہ متعدد دہشت گرد سرگرمیوں کے علاوہ کئی معصوم شہریوں کے ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھا اور 20 مارچ 2025 کو کیپٹن حسنین اختر شہید کی شہادت کا ذمہ دار بھی تھا۔
Comments