دفتر خارجہ نے امریکہ کی جانب سے پاکستان کے لیے گلوبل انڈرگریجویٹ ایکسچینج پروگرام (یوگراڈ) ختم کرنے پر اظہار افسوس کیا ہے۔ اس پروگرام سے ہزاروں پاکستانی طلباء کو تعلیمی اور ثقافتی فائدہ پہنچا۔

اسلام آباد میں ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران دفتر خارجہ کے ترجمان شفقت علی خان نے کہا کہ دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے، تعلیمی اور تکنیکی تعاون کو فروغ دینے اور عوامی سطح پر تعلقات بڑھانے کے لیے اسٹوڈنٹ ایکسچینج پروگرام انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ امریکہ کی جانب سے محصولات کا حالیہ نفاذ ترقی پذیر معیشتوں پر دور رس اثرات مرتب کرسکتا ہے۔ انہوں نے عالمی تجارتی تعلقات کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔

ترجمان نے مسئلے کے حل کے لیے تیز اور دونوں ممالک کے لیے سود مند نتائج کی بھی امید ظاہر کی۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے نئے محصولات کے اثرات کا جائزہ لینے کے لئے ایک اسٹیئرنگ کمیٹی اور ایک ورکنگ گروپ تشکیل دیا ہے جو اسلام آباد کی جانب سے واشنگٹن کے ساتھ تعمیری طور پر بات چیت کا ارادے ظاہر کرتا ہے۔

غزہ پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے شفقت علی خان نے فلسطین کے دو ریاستی حل کو آگے بڑھانے کے مقصد سے ہونے والی اعلیٰ سطحی بین الاقوامی کانفرنس کے لئے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔

انہوں نے فرانس اور سعودی عرب کی تعریف کی جو جون 2025 میں ہونے والی کانفرنس سے کی تیاری کے سلسلے میں مشاورتی اجلاسوں کی مشترکہ صدارت کر رہے ہیں، ترجمان نے غزہ میں انسانی بحران کو کم کرنے کے لیے فوری اقدام کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ غزہ میں مکمل جنگ بندی نافذ کی جائے، ناکہ بندی ختم کی جائے اور انسانی امداد کی ضمانت دی جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ فلسطینیوں کو زبردستی بے دخل کرنے یا ان کی زمین پر قبضہ کرنے کی کسی بھی کوشش کو واضح طور پر مسترد کیا جانا چاہئے۔

شفقت علی خان نے اسرائیل کے تازہ ترین تشدد کی بھی مذمت کی جس میں 15 فلسطینی ہنگامی کارکنوں کا قتل بھی شامل ہے اور اسے جارحیت کی جاری مہم کا ایک اور المناک واقعہ قرار دیا۔

کشمیر کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے سری نگر کی تاریخی جامع مسجد اور عیدگاہ میں عید الفطر کی نماز کی اجازت دینے سے انکار اور لیلۃ القدر کے اجتماعات پر پابندی کی مذمت کی۔

انہوں نے بھارت کی لوک سبھا میں وقف (ترمیمی) بل 2025 کی منظوری پر بھی تنقید کی اور اسے مسلمانوں کی مذہبی املاک چھیننے اور اقلیتوں کو پسماندہ کرنے کا دانستہ اقدام قرار دیا ہے۔

Comments

200 حروف