پاکستان سپر لیگ کے دسویں ایڈیشن کا شاندار آغاز جمعے کو ہونے جارہا ہے جس کے افتتاحی میچ میں دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کی ٹیمیں مد مقابل ہوں گی۔ دونوں ٹیموں کے مابین میچ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایونٹ کے آغاز سے متعلق تازہ بیان جاری کیا ہے جس میں اس ایونٹ کو ایچ بی ایل پی ایس ایل X کے طور پر بیان کیا گیا ہے۔
کھیل کے آغاز سے پہلے ایک شاندار افتتاحی تقریب ہوگی جو اس تاریخی ایڈیشن کے آغاز کی علامت ہوگی۔ ایچ بی ایل پی ایس ایل کا دسواں ایڈیشن 11 اپریل سے 18 مئی تک جاری رہے گا جبکہ رات کو کھیلے جانے والے میچز مقامی وقت کے مطابق 8 بجے شروع ہوں گے۔
34 میچز پر مشتمل اس ٹورنامنٹ میں 12 اپریل، یکم مئی اور 10 مئی کو دو دو میچز کھیلے جائیں گے جبکہ دیگر تمام دن صرف ایک ایک میچ کھیلا جائے گا، یہ میچز کراچی، لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔ دن کے اوقات کھیلے جانے والے 3 میچز شام 4 بجے شروع ہوں گے۔
6 ٹیمیں 500,000 امریکی ڈالر کی انعامی رقم کے لیے میدان میں اتریں گی جو فاتح ٹیم کو دی جائے گی جبکہ رنرز اپ ٹیم کو 200,000 امریکی ڈالر انعام ملے گا۔ 13 جنوری کو ہونے والی ڈرافٹنگ سے تمام فرنچائز نے اپنی ٹیموں کو نئی شکل دے دی ہے۔
لاہور میں نو تعمیر شدہ قذافی اسٹیڈیم میں ایچ بی ایل پی ایس ایل X کے 13 میچز کی میزبانی کی جائے گی جس میں کوالیفائر، ایلیمنیٹر اور 18 مئی کا فائنل بھی شامل ہے۔ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم 11 میچوں کی میزبانی کرے گا جبکہ ملتان کرکٹ اسٹیڈیم اور نیشنل بینک اسٹیڈیم میں رواں سیزن کے 5، 5 میچز کھیلے جائیں گے۔
پشاور زلمی کی قیادت بابر اعظم کریں گے جو 3504 رنز کے ساتھ پی ایس ایل میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز ہیں۔ آسٹریلیا کے روی بوپارا، کمار سنگاکارا اور اوئن مورگن کے بعد ڈیوڈ وارنر چوتھے غیر ملکی کھلاڑی ہوں گے جو 2020 کی چیمپئن کراچی کنگز کی قیادت کریں گے۔
ابوظہبی میں 2021 کے ایڈیشن میں ملتان سلطانز کی قیادت کرنے والے محمد رضوان سلطانز کے کپتان کے طور پر برقرار رہیں گے، انہوں نے ایچ بی ایل پی ایس ایل کے گزشتہ چار ایڈیشنز میں 48 میچز میں ٹیم کی قیادت کی ہے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی قیادت کے فرائض رائلی روسو کے بجائے اب سعود شکیل سنبھالیں گے۔
اب تک ایچ بی ایل پی ایس ایل کے 55 میچز میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی قیادت کرنے والے شاداب خان کو رواں سیزن میں بھی ٹیم کی قیادت سونپی گئی ہے جبکہ مسلسل 2 بار ٹائٹل جیتنے والے واحد کپتان شاہین شاہ آفریدی لاہور قلندرز کے کپتان ہوں گے۔
یاد رہے کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 2024 میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے تیسری بار ٹائٹل اپنے نام کیا تھا جبکہ ملتان سلطانز مسلسل تیسری بار رنر اپ رہی۔
Comments