نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی جانب سے جاری کردہ ایک پریس ریلیز کے مطابق پاکستان نے میانمار کے زلزلہ متاثرین کے لیے ہنگامی امداد کی دوسری کھیپ حوالے کر دی ہے۔

حالیہ زلزلے کے ردعمل میں بھیجی جانے والی اس امدادی کھیپ کے ساتھ پاکستان کی جانب سے بھیجی گئی مجموعی امداد 70 ٹن تک پہنچ گئی ہے۔

بیان کے مطابق، وزیر اعظم پاکستان کی ہدایت پر این ڈی ایم اے نے تیزی سے ان امدادی کھیپوں کی ترسیل کے لیے مربوط اقدامات کیے اور مختصر وقت میں امداد روانہ کی۔

میانمار میں پاکستان کے سفیر عمران حیدر، سفارت خانے کے دیگر سفارتی و عملے کے ہمراہ، امدادی سامان باضابطہ طور پر ینگون ریجن کے چیف منسٹر اور وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل ٹریننگ کے حوالے کیا۔

پاکستانی حکومت اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی میانمار کے زلزلہ متاثرین کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر مدد فراہم کرنے کے عزم پر قائم ہیں۔

ریاستی میڈیا کے مطابق، 28 مارچ کو آنے والے طاقتور زلزلے میں اب تک ہلاکتوں کی تعداد 3,471 ہو چکی ہے، جب کہ 4,671 افراد زخمی اور 214 لاپتہ ہیں۔

امدادی ایجنسیوں نے خبردار کیا ہے کہ غیر متوقع بارشوں اور شدید گرمی کے امتزاج سے کھلے آسمان تلے مقیم زلزلہ متاثرین میں ہیضہ سمیت مختلف بیماریوں کے پھیلنے کا خدشہ ہے۔

Comments

200 حروف