ٹھٹھہ سیمنٹ کمپنی لمیٹڈ (ٹی ایچ سی سی ایل) نے سندھ کے شہر ٹھٹھہ میں اپنے پلانٹ پر 4.8 میگا واٹ کا ونڈ پاور پراجیکٹ مکمل کرکے شروع کردیا ہے۔
لسٹڈ کمپنی نے جمعہ کو اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو ایک نوٹس کے ذریعے اس پیش رفت سے آگاہ کیا۔
کمپنی نے اپنے نوٹس میں کہا کہ ہمیں ٹھٹھہ، سندھ میں کمپنی کے پلانٹ میں 4.8 میگاواٹ کے ونڈ پاور منصوبے کی کامیابی سے تکمیل اور کمیشننگ کا اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے۔ یہ کمپنی کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے کیونکہ یہ منصوبہ طے شدہ شیڈول سے پہلے مکمل ہوا اور 3 اپریل 2025 کو آپریشنز کا آغاز کردیا گیا۔
کمپنی نے کہا کہ حالیہ توسیع کے ساتھ اس کی مجموعی نصب شدہ صلاحیت قابل تجدید توانائی کے ذرائع سے 9.8 میگا واٹ تک پہنچ گئی ہے جس میں 4.8 میگا واٹ کا ونڈ پاور پلانٹ اور 5 میگا واٹ کا سولر انسٹالیشن شامل ہے۔
قابل تجدید توانائی میں یہ توسیع ہماری پائیدار ماحولیاتی عملیاتی طریقوں کے لیے ہمارے عزم کو مضبوط کرتی ہے۔ قابل تجدید توانائی کے منصوبوں میں ہماری مسلسل سرمایہ کاری نہ صرف لاگت کی بچت میں مدد دیتی ہے بلکہ ملک کی فوسل فیولز پر انحصار کو کم کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔
یہ کمپنی 1980 ء میں پبلک لمیٹڈ کمپنی کے طور پر پاکستان میں قائم کی گئی تھی ، سیمنٹ کی تیاری اور مارکیٹنگ کے علاوہ ٹھٹھہ پاور (پرائیویٹ) لمیٹڈ کی ملکیت بھی رکھتی ہے۔
بین الاقوامی قابل تجدید توانائی ایجنسی (آئی آر ای این اے) کی رپورٹ کے مطابق، گزشتہ سال عالمی سطح پر قابل تجدید توانائی کی صلاحیت میں 15.1 فیصد کا اضافہ ہوا، جو 4.5 ٹیرا واٹ تک پہنچ گئی،جس میں زیادہ تر حصہ چین کا تھا۔
پاکستان میں بھی ایسا ہی رجحان دیکھنے کو ملا ہے اور متبادل توانائی کے ذرائع کی طرف بڑھتا ہوا رجحان واضح ہے، خاص طور پر شمسی توانائی کی طرف، جو رہائشی اور تجارتی شعبوں میں تیزی سے مقبول ہورہی ہے۔
یہ بڑھتا ہوا رجحان فیصلہ سازوں کو قومی گرڈ اور توانائی شعبے پر اس کے اثرات سے نمٹنے میں دشواری کا سامنا کروا رہا ہے کیونکہ بجلی کی کھپت میں کوئی خاص اضافہ نہیں ہورہا۔
بہرحال، توانائی کے اس نسبتا سستے ذرائع سے فائدہ اٹھانے کے لئے متعدد منصوبے شروع کیے گئے ہیں.
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ طارق کارپوریشن لمیٹڈ نے اپنے پلانٹ پر 200 کلو واٹ کا سولر پاور سسٹم نصب کرنے کے منصوبے کا اعلان کیا تھا۔
فروری میں، اولمپیا ملز لمیٹڈ نے اپنے پلانٹ پر 500 کلو واٹ کا آف-گریڈ سولر پاور سسٹم نصب کرنے کے منصوبے کا اعلان کیا تھا۔
Comments