ٹرمپ نے پاکستان سمیت دنیا بھر کے ممالک پر محصولات عائد کرکے بڑی تجارتی جنگ چھیڑ دی
- پاکستان کو 29 فیصد ٹیرف کا سامنا ہے
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بدھ کے روز پاکستان سمیت دنیا بھر سے درآمدات پر 10 فیصد کے بڑے ٹیرف اور اہم تجارتی شراکت داروں پر سخت اضافی محصولات عائد کرتے ہوئے ایک ممکنہ تباہ کن تجارتی جنگ کو بھڑکا دیا ہے۔
وائٹ ہاؤس روز گارڈن میں امریکی جھنڈوں کے پس منظر میں خطاب کرتے ہوئے، ٹرمپ نے چین اور یورپی یونین پر خاص طور پر سخت محصولات کا اعلان کیا، جسے انہوں نے یوم آزادی قرار دیا۔
ٹرمپ کے محصولات نے فوری غم و غصے کو جنم دیا، امریکی اتحادی آسٹریلیا نے انہیں بے جا قرار دیا، جبکہ اٹلی نے انہیں غلط کہا، اور دیگر ممالک نے پہلے ہی جوابی کارروائی کا عزم ظاہر کیا ہے۔
اس موقع پر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ عشروں تک، ہمارا ملک قریب اور دور کے ممالک – چاہے دوست ہوں یا دشمن – سب کے ہاتھوں لوٹا، تباہ کیا، تاراج اور غارت کیا گیا ہے۔
جب ٹرمپ نے یہ اعلان کیا تو وال اسٹریٹ بند تھی، لیکن ایس اینڈ پی انڈیکس بعد از گھنٹہ تجارت میں 1.5 فیصد نیچے چلا گیا۔ ان کے خطاب کے دوران ڈالر یورو کے مقابلے میں ایک فیصد کمزور ہوا، لیکن بعد میں سنبھل گیا۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ ممالک جو ہمیں نقصان پہنچاتے ہیں ان پر سب سے زیادہ محصولات عائد کیے ہیں، جن میں چین سے آنے والی اشیا پر 34 فیصد، یورپی یونین پر 20 فیصد اور جاپان پر 24 فیصد ٹیرف شامل ہیں۔
لیکن 78 سالہ ریپبلکن صدر – جنہوں نے محصولات کی فہرست کے ساتھ ایک چارٹ بھی دکھایا – نے کہا کہ وہ بہت مہربان ہیں، اس لیے صرف آدھے وہی ٹیرف عائد کر رہے ہیں جو بدترین مجرموں نے امریکی برآمدات پر لگائے۔
”امریکہ کو دوبارہ خوشحال بنائیں“
دیگر ممالک کے لیے، ٹرمپ نے 10 فیصد کا بنیادی ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کیا، جس میں برطانیہ بھی شامل ہے۔
ان کے خطاب کے دوران، کابینہ کے اراکین اور فولاد، تیل اور گیس کی صنعتوں کے کارکنوں نے تالیاں بجائیں اور خوشی کا اظہار کیا جب ٹرمپ نے کہا کہ یہ محصولات امریکہ کو دوبارہ خوشحال بنائیں گے۔
”یہ یومِ آزادی ہے،“ ٹرمپ نے کہا، مزید یہ کہ یہ دن ہمیشہ کے لیے امریکی صنعت کے احیاء کے دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔
ٹرمپ کی جانب سے گزشتہ ہفتے اعلان کردہ گاڑیوں پر 25 فیصد محصولات بھی جمعرات 12:01 بجے (0401 جی ایم ٹی) سے نافذ ہو جائیں گے۔
کینیڈا اور میکسیکو کو ان نئے محصولات سے استثنیٰ حاصل ہے کیونکہ ٹرمپ نے پہلے ہی ان دونوں قریبی ہمسایہ ممالک پر ٹیرف لگا دیے تھے، جس کی وجہ انہوں نے فینٹینیل منشیات کی اسمگلنگ روکنے میں ناکامی قرار دیا تھا۔
ٹرمپ کئی ہفتوں سے اس اقدام کا عندیہ دے رہے تھے، یہ اصرار کرتے ہوئے کہ محصولات امریکہ کو دھوکہ دیے جانے سے بچائیں گے اور ایک نئے سنہری دور کا آغاز کریں گے۔
تاہم، کئی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ ان محصولات سے امریکی صارفین کے لیے اخراجات میں اضافہ ہو سکتا ہے، جو ملکی معیشت کو کساد بازاری کی طرف دھکیل سکتا ہے اور بیرون ملک تجارتی جنگ کو مزید بھڑکا سکتا ہے۔
امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے دنیا بھر کے ممالک کو جوابی کارروائی سے خبردار کرتے ہوئے فاکس نیوز پر کہا کہ اگر آپ نے جوابی اقدامات کیے، تو صورتحال مزید بگڑ جائے گی۔
ٹرمپ کے محصولات دنیا بھر میں ممالک کو متاثر کر رہے ہیں، لیکن ایشیا میں کچھ ممالک کو سخت نقصان پہنچا ہے، جن میں کمبوڈیا پر 49 فیصد، ویتنام پر 47 فیصد اور فوجی حکومت کے زیر انتظام میانمار پر 44 فیصد شامل ہیں، جو حال ہی میں ایک تباہ کن زلزلے سے متاثر ہوا تھا۔
50 فیصد کے سب سے زیادہ ٹیرف کا سامنا جنوبی افریقی ملک لیسوتھو کو ہے، جسے ٹرمپ نے حال ہی میں ایسا ملک جس کے بارے میں کوئی نہیں جانتا قرار دیا تھا۔
’بالکل بے جا‘
یہ محصولات اس خدشے کو مزید تقویت دے رہے ہیں کہ ٹرمپ امریکہ کو اپنے اتحادیوں سے مزید دور لے جا رہے ہیں اور امریکی بالادستی پر مبنی ایک نیا نظام قائم کر رہے ہیں۔
آسٹریلوی وزیر اعظم انتھونی البانیزے نے جمعرات کو کہا کہ یہ محصولات ”بالکل بے جا“ ہیں اور امریکہ کے ساتھ تعلقات پر منفی اثر ڈال سکتے ہیں۔
اٹلی کی وزیر اعظم جیورجیا میلونی، جو ٹرمپ کی قریبی اتحادی سمجھی جاتی ہیں، نے ان محصولات کو غلط قرار دیا، لیکن امریکہ کے ساتھ کسی معاہدے کے لیے کام کرنے کا عزم ظاہر کیا۔
برطانیہ کو نسبتا ہلکا جھٹکا لگا، کیونکہ وزیر اعظم کئیر اسٹارمر نے وائٹ ہاؤس میں ایک سفارتی مہم کے تحت کنگ چارلس سوم کی طرف سے ریاستی دورے کی دعوت پیش کی۔
برطانوی وزیر تجارت جوناتھن رینالڈز نے کہا کہ برطانیہ اب بھی ایک تجارتی معاہدے کے حصول کے لیے کوشاں ہے، جو 10 فیصد ٹیرف کے اثرات کو کم کر سکتا ہے۔
ٹرمپ ماہرین کی تنقید کے باوجود طویل عرصے سے محصولات کو امریکہ کے تجارتی عدم توازن اور معاشی مسائل کا حتمی حل سمجھتے رہے ہیں،۔
ارب پتی سیاستدان کا اصرار ہے کہ ان محصولات سے امریکہ کی ختم ہوتی ہوئی صنعت کاری کو بحال کیا جا سکتا ہے، اور کمپنیاں ان محصولات سے بچنے کے لیے امریکہ منتقل ہو سکتی ہیں۔
Comments