کھیل

نیوزی لینڈ نے پاکستان کو دوسرے ون ڈے میں بھی شکست دیدی

  • کیویز نے سیزیز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی
شائع April 2, 2025

نیوزی لینڈ نے پاکستان کو دوسرے ون ڈے میچ میں 84 رنز سے شکست دے دی۔

کیویز نے تین میچوں کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی ہے، اس سے قبل ٹی ٹوئنٹی سیزیز1-4 سے اپنے نام کی تھی۔

ہیملٹن میں کھیلے گئے میچ میں 293 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا اور محض 32 رنز پر گرین شرٹس کی آدھی ٹیم پویلین لوٹ گئی۔

اوپنر عبداللہ شفیق نے11 گیندوں پر صرف ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے، بابراعظم بھی 3 گیندوں پر 1 رن بنا کر چلتے بنے جب کہ امام الحق کی صرف 3 رنزبناسکے۔ کپتان محمد رضوان 27 گیندوں پر محض 5 رنز بناکر روانہ ہوگئے جبکہ سلمان آغا 9 رنز بناسکے۔

دیگر کھلاڑیوں میں طیب طاہر 13، محمد وسیم 1، عاکف جاوید 8 اور حارث رؤف 3 رنز بناکر ریٹائرڈ ہرٹ ہوئے۔

گرین شرٹس کی جانب سے فہیم اشرف نے سب سے زیادہ 73 رنز بنائے جب کہ نسیم شاہ نے 51 رنز کی اننگز کھیلی۔

قبل ازیں محمد رضوان نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا، جہاں ابر آلود موسم اور گرین وکٹ بولرز کے لیے سازگار دکھائی دے رہی تھی۔

کیویز نے پاکستانی کپتان محمد رضوان کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں پر 292 رنز بنائے۔

کیوی اوپنرز نے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا اور 54 رنز کی شراکت قائم کی لیکن اسی اسکور پر نک کیلی 31 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جس کے بعد وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں تاہم ساتویں نمبر پر بیٹنگ کیلئے آنے والے مچل ہے ٹیم نے بڑے ہدف کی طرف راہ ہموار کی اور 78 گیندوں پر 99 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

ان کے علاوہ پاکستانی نژاد محمد عباس41 رنز بناکر دوسرے نمایاں بلے باز رہے۔

دیگر بلے بازوں میں ریس ماریو 18، نِک کیلی 31، ہنری نکولس 22، ڈیرل مچل 18، کپتان مائیکل بریس ویل 17، نیتھن اسمتھ 8 اور بین سیئرز 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

گرین شرٹس نے 32 ایکسٹراز دیے جن میں 20 وائڈ بالز شامل تھی۔

پاکستان کی جانب سے سفیان مقیم اور محمد وسیم نے 2،2 کیوی کھلاڑیوں کا شکار کیا جبکہ حارث رؤف، فہیم اشرف اور عاکف جاوید کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

Comments

200 حروف