دنیا بھر میں لاکھوں مسلمانوں نے اتوار کے روز عید الفطر منائی، خاص طور پر سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں جہاں بڑی مساجد اور عیدگاہوں میں خصوصی عید کی نماز اور اجتماعات منعقد ہوئے۔

ترکی، ایران، سوڈان، لبنان، یمن اور فلسطین میں بھی شوال کا چاند ہفتے کے روز نظر آنے کے بعد عید الفطر کی خوشیاں منائی گئیں، جس نے رمضان کے مقدس مہینے کا اختتام کر دیا۔

اسی طرح، متحدہ عرب امارات میں بھی شیخ زاید گرینڈ مسجد ابوظہبی اور دیگر کھلے مقامات پر عید کی نماز ادا کی گئی۔

دوسری جانب، انڈونیشیا، ملائیشیا اور آسٹریلیا نے اعلان کیا کہ عید پیر کے روز منائی جائے گی، ان ممالک میں رمضان کے مکمل 30 روزے رکھے گئے ہیں۔

بنگلہ دیش کی نیشنل رویت ہلال کمیٹی نے اعلان کیا کہ اتوار کو رمضان کے 30 دن مکمل ہوں گے، اور عید پیر کے روز منائی جائے گی۔

اسی طرح، ملائیشیا کے انٹرنیشنل ایسٹرونومی سینٹر اور آسٹریلیا کی فتویٰ کونسل نے بھی فلکیاتی حسابات کی بنیاد پر پیر کو عید الفطر کا دن قرار دیا۔

پاکستان میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی عید کا فیصلہ کرنے کے لیے آج اجلاس منعقد کرے گی، تاہم بوہری برادری نے ایک دن پہلے ہی کراچی کے صدر، سولجر بازار اور دیگر علاقوں میں عید الفطر کی نماز ادا کر لی۔

مزید برآں، پاکستان میں موجود افغان مہاجرین نے بھی اتوار کو عید منائی، جہاں باجوڑ سمیت دیگر علاقوں میں سخت سیکیورٹی کے درمیان عید کی نماز ادا کی گئی۔

Comments

200 حروف