پاکستان اور سعودی عرب نے جمعرات کے روز دوطرفہ اقتصادی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے، مشترکہ منصوبوں پر تیزی سے عملدرآمد اور اسٹرکچرڈ انگیجمنٹ کے ذریعے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔

وزیرِاعظم شہباز شریف نے سعودی وزیرِ سرمایہ کاری خالد الفالح اور اقتصادی تعاون پر مشترکہ ٹاسک فورس کے سربراہ محمد التویجری سے ملاقات کی۔ ملاقات میں اقتصادی تعاون کو فروغ دینے، سعودی سرمایہ کاری بڑھانے اور اہم شعبوں میں مشترکہ اقدامات کو تیز کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیرِاعظم نے سعودی قیادت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے سعودی سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے توانائی، انفراسٹرکچر، زراعت اور ٹیکنالوجی میں پاکستان کی وسیع صلاحیتوں کو اجاگر کرتے ہوئے سعودی سرمایہ کاروں کو خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے تحت مواقع سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دی۔

سعودی وزیر خالد الفالح اور محمد التویجری نے پاکستان کے ساتھ اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا اور سرمایہ کاری منصوبوں کو تیز اور مؤثر طریقے سے مکمل کرنے پر زور دیا۔

دونوں ممالک نے دفاعی اور سیکیورٹی تعاون کو مضبوط کرنے پر بھی اتفاق کیا، جبکہ علاقائی استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں پر زور دیا۔ وزیرِاعظم نے سعودی عرب میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی خدمات کو سراہا، جس پر سعودی ولی عہد نے ان کی فلاح و بہبود کے لیے مزید اقدامات کرنے پر اتفاق کیا۔

ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے اور مشترکہ ترقی و خوشحالی کے وژن پر مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

Comments

200 حروف