پاکستان

بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنانے کیلئے دو دھماکے، 5 افراد جاں بحق

  • نوشکی میں سیکیورٹی فورسز نے حملے کی ابتدائی کارروائی میں 3 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، سرکاری ذرائع ابلاغ
شائع 16 مارچ 2025 01:25pm

آج نیوز کے مطابق نوشکی اور قلعہ سیف اللہ میں دو الگ الگ دھماکوں میں سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں پانچ افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے۔

پہلا دھماکہ نوشکی میں آر سی ڈی ہائی وے پر ہوا جہاں سیکیورٹی فورسز کی ایک گاڑی کو نشانہ بنایا گیا جس کی حکام نے تصدیق کی کہ یہ خودکش حملہ تھا۔

دھماکے کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور 32 زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر نوشکی اسپتال منتقل کردیا گیا۔

ایک پولیس اہلکار نے بتایا کہ یہ ایک خودکش حملہ تھا جس میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا تھا۔

علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے اور سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر تمام ٹریفک معطل کر دی گئی ہے۔

زخمیوں میں عام شہری اور سیکیورٹی اہلکار بھی شامل ہیں جن کا اسپتال میں علاج جاری ہے جن میں سے کچھ کی حالت تشویشناک ہے۔

دوسرا واقعہ قلعہ سیف اللہ میں لیویز لائن کے مین گیٹ پر پیش آیا۔

دھماکے سے گیٹ کو کافی نقصان پہنچا تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔

سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو سیل کر دیا ہے اور حملے کی نوعیت کا تعین کرنے کے لیے شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے بلوچستان میں ہونے والے دو دھماکوں پر گہرے دکھ اور مذمت کا اظہار کیا ہے۔

محسن نقوی نے جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس افسوسناک واقعہ میں اپنے پیاروں کو کھونے والے خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

انہوں نے حملوں میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کے لیے بھی دعا کی اور متاثرین اور ان کے اہل خانہ کی مدد کے لیے حکومت کے عزم پر زور دیا۔

انہوں نے مجرموں کو ریاست کا دشمن قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک کے دشمن ہمارے پیارے وطن کو غیر مستحکم کرنے کی گھناؤنی سازش میں مصروف ہیں۔

محسن ننقوی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اس طرح کی بزدلانہ کارروائیوں سے قوم کا عزم کمزور نہیں ہوگا۔ انہوں نے امن و سلامتی برقرار رکھنے کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ بزدلانہ اقدامات قوم کے پختہ عزم کو کمزور نہیں کرسکتے ہیں۔

Comments

200 حروف