بجلی کے نرخوں میں کمی، وزیراعظم پیکج کا اعلان کرینگے
وزیراعظم شہباز شریف نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو برقرار رکھنے کے ساتھ بجلی کے نرخوں میں خاطر خواہ کمی کرکے عوام کو بڑا ریلیف دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
ہفتہ کے روز ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو برقرار رکھتے ہوئے مکمل مالی فائدہ بجلی کے نرخوں میں منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ اقدام دیگر تمام اقدامات میں شامل ہے جس کے نتیجے میں بجلی کے نرخوں میں کمی آئے گی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ بجلی کے نرخوں میں کمی کے لیے جامع اور موثر حکمت عملی کے تحت پیکج تیار کیا جا رہا ہے، پیکج کی تفصیلات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی منڈیوں میں تیل کی قیمتوں میں تبدیلی اور دیگر اقدامات کے بعد فرق کی وجہ سے عوام کو بجلی کے نرخوں میں ریلیف دینے کے لیے بڑا پیکج تیار کیا جا رہا ہے۔
بجلی کے نرخوں میں کمی سے متعلق پیکیج کا اعلان آئندہ چند ہفتوں میں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے حکومت سنبھالنے کے بعد عوام کو ریلیف فراہم کرنے کو ترجیح دینے کا عہد کیا تھا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آئندہ چند ہفتوں میں بجلی کے نرخوں میں کمی کرکے عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے گا جبکہ انہیں دیگر سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ اس ریلیف سے نہ صرف بجلی کے نرخوں میں کمی آئے گی بلکہ مجموعی طور پر مہنگائی پر بھی اثر پڑے گا اور اس میں مزید کمی آئے گی۔
وزیر اعظم خود قوم کو ریلیف اقدامات سے آگاہ کریں گے۔
Comments