اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے نے پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں جعفر ایکسپریس ٹرین پر ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس ’ہولناک واقعے‘ پر ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

منگل کی سہ پہر مسلح افراد نے ٹرین کو صوبہ بلوچستان کے ایک دور افتادہ پہاڑی علاقے میں زبردستی روکا جس کی ذمہ داری فوری طور پر پاکستان کے ایک دہشت گرد گروپ بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) نے قبول کی۔ دہشتگردوں نے حملے میں سیکڑوں افراد کو یرغمال بنا لیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق حملہ آوروں کے خلاف آپریشن دوسرے روز بھی جاری رہا جس کے نتیجے میں کم از کم 30 دہشت گرد ہلاک جبکہ 190 مسافروں کو بچا لیا گیا۔

امریکی سفارت خانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم جعفر ایکسپریس ٹرین پر حملے اور بلوچستان کے علاقے کچی میں مسافروں کو یرغمال بنانے کی شدید مذمت کرتے ہیں جس کی ذمہ داری بلوچ لبریشن آرمی نے قبول کی ہے۔

 ۔
۔

ہم متاثرین، ان کے اہل خانہ اور اس ہولناک واقعے سے متاثر ہونے والے تمام افراد کے ساتھ دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہیں، پاکستانی عوام تشدد اور خوف سے پاک زندگی گزارنے کا حق رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ اپنے تمام شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کی کوششوں میں پاکستان کا شراکت دار رہے گا، ہم اس مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

دریں اثنا، چین نے بھی دہشت گرد حملے کی مذمت کی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اسلام آباد کی حمایت کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔

یہ بیان چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان ماؤ ننگ نے ایک باقاعدہ پریس کانفرنس کے دوران دیا جہاں انہوں نے ہر قسم کی دہشت گردی کے خلاف بیجنگ کی سخت مخالفت کا اظہار کیا۔

ماؤ ننگ نے بدھ کے روز کہا کہ ہم نے ان رپورٹس کا نوٹس لیا ہے اور اس دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چین کسی بھی شکل میں دہشت گردی کی سختی سے مخالفت کرتا ہے، ہم دہشت گردی کے خلاف جنگ، یکجہتی اور سماجی استحکام برقرار رکھنے اور عوام کے تحفظ کے لیے پاکستان کی بھرپور حمایت جاری رکھیں گے۔

Comments

200 حروف