آج نیوز کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے سینئر سفارت کار کے کے احسن وگن کو نجی دورے پر امریکہ پہنچنے پر داخلے سے روک دیا گیا اور بعد ازاں انہیں ملک بدر کر دیا گیا۔
وگن ایک تجربہ کار سفارت کار ہیں جو پہلے امریکہ اور بعد میں عمان میں پاکستان کے سفیر رہ چکے ہیں، انہیں حال ہی میں چھ ماہ قبل ترکمانستان میں تعینات کیا گیا تھا۔
اطلاعات کے مطابق لینڈنگ کے بعد انہیں لاس اینجلس انٹرنیشنل ایئرپورٹ (ایل اے ایکس) پر روک لیا گیا اور امریکی حکام نے ان کے خلاف غیر واضح شکایات کا حوالہ دیا تھا۔
امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ یا ہوم لینڈ سیکیورٹی ڈپارٹمنٹ کی جانب سے اس حوالے سے کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔
سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ ان کی ملک بدری کا کسی وسیع تر پالیسی یا جاری دوطرفہ معاملے سے کوئی تعلق نظر نہیں آتا۔
دریں اثنا پاکستان کے دفتر خارجہ نے ابھی تک اس معاملے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔
بزنس ریکارڈر نے دفتر خارجہ کے دو عہدیداروں سے رابطہ کیا لیکن اس خبر کے اندراج تک جواب کا انتظار رہا۔
Comments