پاکستان اور آذربائیجان نے تجارت، توانائی، تعلیم، زراعت اور ماحولیاتی تحفظ سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے لیے متعدد معاہدوں پر دستخط کیے گئے ہیں۔
آذربائیجان کے صدر الہام علیئیف کی دعوت پر وزیر اعظم شہباز شریف کے دو روزہ سرکاری دورے کے دوران پہلے سے طے شدہ معاہدوں پر تبادلہ کیا گیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف اور صدر الہام علیئیف نے دو طرفہ ملاقات اور مختلف شعبوں میں تعاون پر مشتمل وفود کی سطح پر بات چیت کے بعد چھ دستاویزات کے تبادلے کی تقریب میں شرکت کی۔
دونوں ممالک نے آذربائیجان ریپبلک کی اسٹیٹ آئل کمپنی (ایس او سی اے آر) اور پاکستان کی فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او) اور پاکستان اسٹیٹ آئل کمپنی لمیٹڈ کے درمیان ماچیک-تھلیاں-تروجابا وائٹ آئل پائپ لائن منصوبے میں تعاون کے لئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے گئے ۔
دستاویزات کا تبادلہ سوکار کے صدر رووشن نجف اور ایف ڈبلیو او کے ڈائریکٹر جنرل عبدالسمیع نے کیا۔
سوکار کے صدر رووشن نجف اور پی آر ایل کے منیجنگ ڈائریکٹر زاہد میر نے آذربائیجان کی سوکار، پاکستان ریفائنری لمیٹڈ (پی آر ایل) اور پاکستان اسٹیٹ آئل کمپنی لمیٹڈ کے درمیان مفاہمتی یادداشت کے معاہدے کا تبادلہ کیا۔
پاکستان اور آذربائیجان نے ماسٹر ایل این جی سیل اینڈ پرچیز ایگریمنٹ سے متعلق ایل این جی کارگو کی خرید و فروخت کے فریم ورک معاہدے میں ترمیمی معاہدہ نمبر 1 پر بھی دستخط کیے۔ سوکار کے صدر رووشن نجف اور پاکستان ایل این جی لمیٹڈ کے سی ای او مسعود نبی نے پہلے سے دستخط شدہ دستاویزات کا تبادلہ کیا۔
سوکار کے صدر رووشن نجف اور سی ای او پی ایس او سید محمد طحہ نے پی ایس او اور سوکار ٹریڈنگ ایس اے کے درمیان مفاہمت کی یادداشت اور پی ایس او اور سوکار ٹریڈنگ کے درمیان پٹرولیم مصنوعات کی ٹرم سیل اینڈ پرچیزنگ معاہدے کی دستاویزات کا تبادلہ کیا۔
نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور آذربائیجان کے وزیر خارجہ جیحون بایراموف نے آذربائیجان کے کے شہر نخچیوان اور لاہور کے درمیان ثقافت، سیاحت، شہری ترقی، تعلیم، معیشت اور سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کے فروغ کے لیے مفاہمتی یادداشت کے معاہدے کا تبادلہ کیا۔
دورے کے دوران پاکستان اور آذربائیجان کے متعلقہ اداروں نے کسٹمز، زراعت، سائنسی تحقیق اور ماحولیاتی تحفظ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر بھی دستخط کیے۔
فریقین نے ”کسٹمز کے درمیان ابتدائی الیکٹرانک معلومات کے تبادلے“، ”زراعت میں تعاون“ اور ”پلانٹ قرنطینہ اور تحفظ“ سے متعلق تین معاہدوں پر دستخط کیے۔
متعلقہ اداروں نے ”سائنسی تحقیق اور تعاون“ اور ”تکنیکی پیشہ ورانہ تعلیم اور تربیت“ سمیت تین مفاہمتی یادداشتوں پر بھی دستخط کیے۔
اس کے علاوہ دونوں اطراف کے اداروں کے درمیان ماحولیاتی تحفظ میں تعاون کے لئے ایک پروٹوکول آف انٹنٹ پر بھی دستخط کیے گئے۔
Comments