چیمپئنز ٹرافی کے افتتاحی میچ میں پاکستان کو 60 رنز کے بھاری مارجن سے شکست
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے افتتاحی میچ میں نیوزی لینڈ نے دفاعی چیمپئن پاکستان کو60 رنز سے شکست دے دی ۔ مچل سینٹنر اور ول اوروکے نے تین ،تین وکٹیں حاصل کیں۔
کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے ایونٹ کے افتتاحی میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو جیت کےلیے 321 رنز کا ہدف دیا جس کے تعاقب میں گرین شرٹس 260 رنز پر ڈھیر ہوگئے۔
321 رنز کے تعاقب میں پاکستان ابتدائی 10 اوورز میں دو وکٹیں گنوا کر صرف 22 رنز ہی بناسکے جو ہوم گراؤنڈ پر اس کا بدترین پاور پلے اسکور ہے۔
اوپنر سعود شکیل اور کپتان محمد رضوان کی جلد وکٹیں گرنے کے بعد فخرزمان نے کیوی بولرز کے خلاف بڑے شارٹس کھیلنے کی کوشش کی لیکن وہ بھی 24 رنز بناکر بریسویل کی گیند پرآؤٹ ہوگئے۔
قبل ازیں سعود شکیل 19 گیندوں پر 6 جب کہ محمد رضوان 14 گیندوں پر3 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے تھے۔
چوتھی وکٹ پر سلمان علی آغا نے بابر اعظم کے ساتھ مل کر ٹیم کو 127 کے مجموعے تک پہنچایا، تاہم زور دار شارٹ لگانے کی کوشش میں سلمان کیچ آؤٹ ہوگئے۔ انہوں نے 28 گیندوں پر 42 رنز کی اننگز کھیلی۔
کیویزکو پانچویں وکٹ جلد مل گئی جب 128 کے مجموعے پر طیب طاہر ایک رن بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔
کیوی بولرز کے سامنے بابراعظم 64 رنز تک مزاحمت دکھا سکے۔ وہ سینٹنر کی گیند پر اونچا شاٹ لگانے کی کوشش میں 153 کے مجموعے پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
بعد میں آنے والے شاہین شاہ آفریدی 14 رنز بناکر میٹ ہینری کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
خوشدل شاہ نے 49 گیندوں پر 69 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر پاکستان کو پھر سے جیت کی امید دلائی۔
وہ 44 ویں اوور میں آؤٹ ہوئے جب پاکستان کا اسکور 229/8 تھا۔
حارث رؤف (19) اور نسیم شاہ (13) نے کچھ مقابلہ کیا لیکن اس وقت تک بہت دیر ہوچکی تھی۔
گرین شرٹس کی ٹیم 48 ویں اوور میں 260 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
یاد رہے کہ 23 فروری کو دبئی میں ان کا مقابلہ روایتی حریف بھارت سے ہوگا۔
قبل ازیں نیوزی لینڈ نے ٹام لیتھم اور ویل ینگ کی شاندار سنچریوں کی بدولت پاکستان کے خلاف 5 وکٹوں کے نقصان پر 320 رنز بنائے تھے ۔
ویل ینگ 38 ویں اوور میں شاندار سنچری (113 گیندوں پر 107) بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔
گلین فلپس نے آتے ہی پاکستانی بولرز پرتابڑ توڑ حملے کئے۔ ٹام لیتھم کی 104 گیندوں پر ناقابل شکست 118 رنز کی شاندار اننگز کی بدولت نیوزی لینڈ نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 320 رنز اسکور کیے۔
پاکستان کی جانب سے ابرار احمد نے 10 اوورز میں 47 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔ نسیم شاہ اور حارث رؤف نے بالترتیب 63 اور 83 رنز دے کردو، دوکھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
خوشدل شاہ (7 اوورز میں 40 رنز)، شاہین شاہ آفریدی (10 اوورز میں 68 رنز) اور سلمان علی آغا (3 اوورز میں 15 رنز) کوئی وکٹ حاصل نہ کرسکے ۔
قبل ازیں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے افتتاحی میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شام کو اوس پڑنے کا امکان ہے اس لیے باؤلنگ کا فیصلہ کیا ہے، کوشش ہوگی مہمان ٹیم کیخلاف بہتر کھیل پیش کریں اور جیت کے ساتھ ٹورنامنٹ کا آغاز کریں۔
اس موقع پر نیوزی لینڈ کے کپتان مچل سینٹنر نے کہا کہ میچ میں فتح کیلئے پُرامید ہیں، کوشش ہوگی میزبان پاکستان کیخلاف بڑا ٹارگٹ رکھیں اور پریشر میں لائیں۔
پاکستان کی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، فاسٹ بولر حارث رؤف کو آل راؤنڈر فہیم اشرف کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
پاکستان الیون:
محمد رضوان (کپتان)، سلمان علی آغا(نائب کپتان)، فخر زمان، بابر اعظم، سعود شکیل، طیب طاہر، خوشدل شاہ، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، حارث رؤف اور ابرار احمد۔
نیوزی لینڈ الیون:
کپتان مچل سینٹنر، ول ینگ، ڈیون کونوے، کین ولیمسن، ڈیرل مچل، ٹام لیتھم( وکٹ کیپر)، گلین فلپس، مائیکل بریسویل، میٹ ہنری، نیتھن اسمتھ اور ول او آرک
Comments