پاکستان اور سعودی عرب نے اقتصادی تعاون کو بڑھانے اور تجارت، سرمایہ کاری اور تجارتی شعبوں میں وسیع بنیادوں پر تعاون کی راہیں تلاش کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے نیویارک میں سعودی نائب وزیر خارجہ ولید عبدالکریم الخیریجی سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران نائب وزیر اعظم نے پاکستان اور سعودی عرب کے دیرینہ تعلقات کو سراہا اور سعودی عرب کے ساتھ دوطرفہ اقتصادی اور سیکیورٹی تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے لئے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے سعودی ولی عہد اور وزیر اعظم محمد بن سلمان کی دور اندیش قیادت میں سعودی عرب کی شاندار پیش رفت کو سراہا اور علاقائی اور بین الاقوامی امن و سلامتی کے فروغ میں سعودی عرب کے کلیدی کردار کا اعتراف کیا۔

دونوں رہنماؤں نے مشرق وسطیٰ میں حالیہ پیش رفت بشمول غزہ اور مغربی کنارے میں سنگین انسانی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

انہوں نے غزہ جنگ بندی کے مکمل نفاذ، غزہ کے عوام کو مناسب اور بلا روک ٹوک انسانی امداد کی فراہمی اور تعمیر نو کے جلد آغاز اور دو ریاستی حل کی جانب پیش رفت کا مطالبہ کیا۔

انہوں نے مسلم امہ سے متعلق مسائل کے حل میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے اہم کردار پر بھی روشنی ڈالی۔

اجلاس میں پاکستان اور سعودی عرب کے باہمی خوشحالی اور علاقائی استحکام کے لیے کثیر الجہتی شراکت داری کو مزید گہرا کرنے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا گیا۔

وزیر خارجہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اعلیٰ سطح اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک میں ہیں۔

Comments

200 حروف