ایک آزاد پاور پروڈیوسر (آئی پی پی) نشاط چونیاں پاور لمیٹڈ (این سی پی ایل) نے گزشتہ سال حکومت کے ساتھ طے شدہ ترمیمی معاہدے پر عملدرآمد شروع کردیا ہے۔
آئی پی پی نے منگل کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو اپنے نوٹس کے ذریعے اس پیش رفت سے آگاہ کیا۔
نوٹس کے مطابق خط نمبر این سی پی ایل/پی ایس ایکس/10081-82 مورخہ 4 دسمبر 2024 کے تسلسل میں ہم آپ کو مطلع کرنا چاہتے ہیں کہ کمپنی نے مذکورہ خط کے ذریعےاسٹاک ایکسچینج کو پہلے سے فراہم کردہ شرائط پر باضابطہ طور پر ترمیمی معاہدے پرعملدرآمد کیا ہے۔
گزشتہ سال دسمبر میں این سی پی ایل کے بورڈ آف ڈائریکٹرز (بی او ڈی) نے پاور پرچیز ایگریمنٹ، امپلیمنٹیشن ایگریمنٹ میں ترامیم اور وزیر اعظم کی جانب سے تشکیل دی گئی ٹاسک فورس ”ای“ کی تجویز کے مطابق موجودہ ٹیرف کو ہائبرڈ ٹیک اینڈ پے ماڈل میں تبدیل کرنے کی منظوری دی۔
ترمیم شدہ معاہدے کے تحت انشورنس پریمیم ٹیرف کو ای پی سی لاگت کے 0.9 فیصد تک محدود کر دیا گیا ہے۔ کمپنی مالی سال 2023 تک منافع میں حصہ دے گی جو سی پی پی اے سے واجب الادا رقم کے خلاف ایڈجسٹ کیا جائے گا۔
شرائط و ضوابط کے مطابق کمپنی کی جانب سے پاور پرچیزر کو دی گئی وہ ضمانت جس کے تحت وصولیوں کو اے ایس اے کے تحت ثالثی کے اختتام تک روکے رکھنے کا کہا گیا تھا، واپس کر دی جائے گی؛ 31 اکتوبر 2024 تک کی بقایا وصولیوں کی ادائیگی کابینہ کی منظوری کے 90 دن کے اندر کی جائے گی؛ 31 اکتوبر 2024 تک تاخیر سے ادائیگی پر عائد جرمانہ معاف کیا جائے گا؛اور پاور پرچیز ایگریمنٹ میں موجود ایل سی آئی اے ثالثی شق کو مقامی قوانین کے تحت اسلام آباد میں ہونے والی ثالثی سے تبدیل کردیا جائے گا۔
نشاط چونیاں پاور لمیٹڈ ایک ایندھن سے چلنے والا پاور اسٹیشن چلاتا ہے جس کی مجموعی پیداواری صلاحیت 200 میگاواٹ اور خالص صلاحیت 195.722 میگاواٹ ہے۔ اس نے اپنے واحد خریدار، سی پی پی اے-جی کے ساتھ 25 سالہ پاور پرچیز ایگریمنٹ کیا، جو 21 جولائی 2010 سے نافذ العمل ہے۔
مزید برآں، ایک اور آئی پی پی، پاک جن پاور لمیٹڈ (پی کے جی پی) نے باضابطہ طور پر وفاقی حکومت کے ساتھ اپنے پاور پرچیز ایگریمنٹ (پی پی اے) اور دیگر معاہدوں کو ختم کردیا ہے۔
کمپنی نے منگل کو اسٹاک ایکسچینج کو ایک علیحدہ نوٹس میں کہا کہ یہ پیش رفت 27 جنوری 2025 کو شیئر ہولڈرز کی منظوری کے بعد سامنے آئی ہے۔
نوٹس میں کہا گیا کہ کمپنی نے باضابطہ طور پر بجلی کی خریداری کے معاہدے، عملدرآمد کے معاہدے اور گارنٹی کو ختم کرنے کے لیے مذاکراتی تصفیے کے معاہدے پر عملدرآمد کیا ہے۔
پاک جن پاور لمیٹڈ محمود کوٹ، مظفر گڑھ، پنجاب، پاکستان میں 365 میگاواٹ کی مجموعی صلاحیت کے ساتھ ایندھن سے چلنے والے پاور اسٹیشن کی ملکیت، آپریشن اور دیکھ بھال کرتی ہے۔
Comments