پاکستان

حکومت آئندہ 3 سے 4 سال میں 50 ایس او ایز کی نجکاری کا ارادہ رکھتی ہے، وفاقی وزیر

  • ایک تہائی سرکاری ادارے اسٹریٹجک اثاثے ہیں، وزیر اقتصادی امور احد چیمہ کی ورلڈ بینک کے وفد سے گفتگو
شائع February 17, 2025

وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد چیمہ نے ورلڈ بینک کے وفد کو بتایا ہے کہ حکومت پاکستان آئندہ 3 سے 4 سال میں 50 سرکاری اداروں (ایس او ایز) کی نجکاری کا ارادہ رکھتی ہے۔

احد چیمہ نے ورلڈ بینک گروپ (ڈبلیو بی جی) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹرز (ای ڈیز) اور آلٹرنیٹ ایگزیکٹو ڈائریکٹرز (اے ای ڈیز) کے ایک وفد سے ملاقات کی، جو حال ہی میں شروع کیے گئے کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک کے تحت 40 ارب ڈالر کی فنڈنگ پر عمل درآمد کا جائزہ لینے کے لیے پیر کو پاکستان پہنچے ہیں۔

وزارت اقتصادی امور کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اجلاس کے دوران وفاقی وزیر نے ایس او ایز کی نجکاری کے حوالے سے حکومت کی ترجیحات کا خاکہ پیش کیا اور بتایا کہ اس کا مقصد آئندہ 3 سے 4 سال میں 50 ایس او ایز کی نجکاری کرنا ہے۔

وزیر احد چیمہ نے سرکاری اداروں کی نجکاری کے لیے حکومت کی ترجیحات کا خاکہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان ایس او ایز میں سے تقریباً ایک تہائی اسٹریٹجک اثاثے ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ وزیر احمد چیمہ نے دیگر ایس او ایز کی مرحلہ وار نجکاری کے حکومتی ہدف کا اعادہ کیا۔ پہلے مرحلے میں حکومت بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کی نجکاری پر توجہ دے رہی ہے جبکہ دوسرے مرحلے میں پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) اور دیگر ایس او ایز کی نجکاری کی جائے گی۔

وفاقی وزیر نے پاکستان کے پاور سیکٹر کو درپیش چیلنجز پر بھی زور دیا جن میں صارفین کے لیے زیادہ ٹیرف، لائن کی کارکردگی میں نمایاں نقصانات اور اس شعبے کے لیے مکمل لاگت کی وصولی کے لیے جاری کوششیں شامل ہیں۔

انہوں نے تسلیم کیا کہ قابل تجدید توانائی کے وسائل اور لائن لاسز کو دور کرنا پاکستان کی توانائی کی حکمت عملی کے اہم شعبوں میں شامل ہیں۔

ملاقات کے دوران وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی معیشت مثبت سمت میں گامزن ہے اور سرکاری شعبے کے ترقیاتی پروگرام (پی ایس ڈی پی) کی فنڈنگ میں اضافہ ہوا ہے جس کا مقصد بنیادی ڈھانچے اور سماجی ترقی کے منصوبوں کو مضبوط بنانا ہے۔

دریں اثناء وزارت اقتصادی امور کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ورلڈ بینک کے وفد نے پاکستان کے نئے کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک (سی پی ایف) کے لئے عالمی بینک کی بھرپور حمایت کا یقین دلایا اور اس بات کا اعادہ کیا کہ عالمی بینک پاکستان کے ترقیاتی اہداف کے حصول میں مدد کے لئے اس کے ساتھ اپنی شراکت داری میں ثابت قدم رہے گا۔

Comments

200 حروف