وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان سے سعودی عرب کو ہنر مند افرادی قوت کی برآمد میں اضافے کے وسیع مواقع موجود ہیں کیونکہ تیل کی دولت سے مالا مال ملک اپنی معیشت کو متنوع بنانا چاہتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے العلا کانفرنس میں عرب نیوز کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے وژن 2030 سے سیکھنے کے لیے پرعزم ہے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان طویل المیعاد اور انتہائی مضبوط شراکت داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کی کامیابیوں سے اپنی معاشی اصلاحات کے لئے رہنمائی حاصل کرسکتا ہے۔

وزیر خزانہ نے پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری میں اضافے پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سعودی آرامکو کی جانب سے پاکستان کے پیٹرولیم سیکٹر میں سرمایہ کاری خوش آئند ہے۔

سابق بینکر نے بتایا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان حکومت سے حکومت (جی ٹو جی) کے متعدد معاہدوں پر تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے۔

انٹرویو کے دوران وفاقی وزیر نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے پروگرام میں پاکستان کی حمایت اور تعاون پر سعودی عرب کے کردار کو سراہا۔

نقدی کے بحران کا شکار پاکستان اس وقت آئی ایم ایف کے 7 ارب ڈالر کے بیل آؤٹ پروگرام کے ماتحت اور بحالی کی راہ پر گامزن ہے۔

جنوبی ایشیائی ملک نے بمشکل خودمختار قرض ڈیفالٹ سے خود کو بچا لیا، کیونکہ اس کے پاس ایک ماہ کی ضروری درآمدات کے لئے بھی مطلوبہ زرمبادلہ کے ذخائر نہیں ہیں۔

ایک اخباری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر خزانہ اورنگ زیب اپنے سعودی ہم منصب محمد الجدعان کی خصوصی دعوت پر دو روزہ اعلیٰ سطح تقریب میں شرکت کر رہے ہیں۔

آئی ایم ایف اور سعودی وزارت خزانہ کی مشترکہ میزبانی والی کانفرنس کا مقصد عالمی معاشی غیر یقینی صورتحال کے درمیان لچک پیدا کرنے اور پائیدار اقتصادی ترقی پر تبادلہ خیال کو فروغ دینا ہے۔

قبل ازیں وزیر خزانہ محمد اورنگ زیب نے متحدہ عرب امارات، مصر، اردن، مراکش اور دیگر جی سی سی ممالک کے وزرائے خزانہ، اقتصادی اور ترقیاتی امور کے ساتھ العلا میں ایمرجنگ مارکیٹس کانفرنس 2025 کے موقع پر گروپ ڈسکشن میں شرکت کی۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ بات چیت علاقائی اقتصادی تعاون، مالیاتی پالیسیوں اور ترقیاتی حکمت عملی پر مرکوز تھی، جس میں شریک ممالک نے مشترکہ اقتصادی اہداف اور پائیدار ترقی کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا۔

العلا کانفرنس ابھرتی ہوئی منڈیوں اور ترقی پذیر معیشتوں کے لئے ایک سالانہ پلیٹ فارم بننے کے لئے تیار ہے تاکہ عالمی اقتصادی مباحثے کو تشکیل دیا جاسکے ، پالیسی کوآرڈینیشن کو بڑھایا جاسکے اور پائیدار معاشی استحکام کے لئے بین الاقوامی تعاون کو مضبوط بنایا جاسکے۔

Comments

200 حروف