پاکستان انٹرنیشنل ائرلائنز (پی آئی اے) پاکستان میں منعقد ہونے والے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں شریک بین الاقوامی ٹیموں کے لئے سفری خدمات فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے ۔
ترجمان پی آئی اے عبداللہ حفیظ خان کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے تعاون سے پی آئی اے نے ٹیموں کے اندرون ملک سفر کے لیے خصوصی انتظامات کیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی آئی اے چیمپئنز ٹرافی کے دوران کرکٹ ٹیموں کی اندرون ملک آمدورفت کے لیے خصوصی چارٹرڈ پروازیں چلائے گی۔
پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق پروازوں کے دوران خصوصی اقدامات اٹھائے جائیں گے تاکہ مہمان ٹیموں کو پاکستانی ثقافت سے بھرپور طریقے سے آگاہ کیا جا سکے۔
پاکستان تقریبا تین دہائیوں کے بعد کسی بڑے کرکٹ ٹورنامنٹ کی میزبانی کرے گا جو بدھ 19 فروری سے شروع ہوگا۔ پی سی بی پر امید ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کی کامیاب میزبانی مزید ایسے ایونٹس کی راہ ہموار کرے گی۔
یاد رہے کہ یہ ٹورنامنٹ جس میں ون ڈے فارمیٹ کی ٹاپ آٹھ ٹیمیں شامل ہوتی تھیں، آئی سی سی نے 2017 میں آٹھویں ایڈیشن کے بعد ختم کر دیا تھا جب سرفراز احمد کی قیادت میں پاکستان نے فائنل میں بھارت کو شکست دی تھی۔
یوں پاکستان نہ صرف میزبان بلکہ دفاعی چیمپئن بھی ہے، کیونکہ وہ 1996 کے ورلڈ کپ کے بعد پہلی بار کسی عالمی ٹورنامنٹ کی میزبانی کر رہا ہے۔ تاہم، سیاسی کشیدگی کے باعث بھارت اپنے تمام میچز، بشمول 9 مارچ کو ہونے والے فائنل (اگر وہ کوالیفائی کرتا ہے)، دبئی میں کھیلے گا۔
ملٹی نیشنل ٹورنامنٹ کی تیاری کیلئے پی سی بی نے کراچی اور لاہور کے دو اہم اسٹیڈیمز کو اپ گریڈ کیا ہے۔
Comments