پاکستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار 18 فروری 2025 کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل (یو این ایس سی) کے اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک جائیں گے۔

اس اجلاس کا عنوان ”کثیر الجہتی عمل: اصلاحات اور عالمی گورننس میں بہتری“ ہے، جس کا انعقاد چین کی جانب سے کیا جا رہا ہے، جو رواں ماہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت سنبھال رہا ہے۔ اجلاس کی قیادت چین کے وزیر خارجہ وانگ یی کریں گے۔

پاکستان چین کے اس اہم اقدام کی حمایت کرتا ہے اور آج کے عالمی چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے کثیرالجہتی کی ضرورت پر زور دیتا ہے۔ نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اپنی تقریر میں کثیرالجہتی کے لیے پاکستان کے عزم اور امن، سلامتی اور پائیدار ترقی کے فروغ میں اقوام متحدہ کے کلیدی کردار پر زور دیں گے۔ وہ 2025-2026 کے لیے سلامتی کونسل کے غیر مستقل رکن کی حیثیت سے پاکستان کی ترجیحات کے بارے میں بھی بات کریں گے، جس میں مذاکرات، تعاون اور جامع عالمی گورننس پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔

اپنے دورے کے دوران نائب وزیراعظم / وزیر خارجہ کی دیگر وزرائے خارجہ اور اقوام متحدہ کے سینئر حکام سے ون آن ون ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔ پاکستان کثیرالجہتی کا مضبوط حامی ہے اور عالمی امن، سلامتی اور ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔

Comments

200 حروف