وفاقی کابینہ نے حکومت کے معاشی اصلاحاتی ایجنڈے کو آگے بڑھانے کیلئے وزارت خزانہ میں ٹیکس پالیسی آفس کے قیام کی منظوری دے دی۔
اس حوالے سے وزارت خزانہ نے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ٹیکس پالیسی آفس ڈیٹا ماڈلنگ، محصولات اور معاشی پیش گوئی کے ساتھ ملک کے بین الاقوامی ٹیکس معاہدوں اور ذمہ داریوں کے ذریعے ٹیکس پالیسیوں اور تجاویز کے تجزیے میں معاونت فراہم کرے گا۔
ٹیکس پالیسی آفس براہِ راست وزیر خزانہ کو رپورٹ کرے گا۔
وفاقی کابینہ کی منظوری کے مطابق، مذکورہ دفتر میں عملے کی تقرری حکومتی مقرر کردہ شرائط و ضوابط کے تحت اسٹیبلشمنٹ ڈویژن اور فنانس ڈویژن کی منظوری سے کی جائے گی۔
ٹیکس پالیسی آفس کی ذمہ داریوں اور ڈھانچے میں ضروری بہتری کے لیے وفاقی کابینہ کی منظوری سے ترمیم کی جاسکتی ہے تاکہ اس کی کارکردگی کو مؤثر بنایا جاسکے۔
محمد اورنگزیب نے کاروباری برادری کو آگاہ کیا ہے کہ حکومت نے ٹیکس پالیسی یونٹ کو فیڈرل بورڈ آف ریونیو سے منتقل کرکے وزارت خزانہ کے تحت رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، تاکہ ٹیکس پالیسی اور بجٹ کی تیاری مؤثر انداز میں کی جا سکے۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2025
Comments