دنیا

ٹرمپ کا امریکی شرح سود کم کرنے پر زور

  • شرح سود میں کمی آئندہ محصولات کے ساتھ ہم آہنگ ہونی چاہیے، امریکی صدر
شائع 12 فروری 2025 09:07pm

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے بدھ کے روز شرح سود میں کمی پر زور دیا ہے، جو آزاد امریکی مرکزی بینک کی طے کردہ پالیسی میں ان کی تازہ ترین مداخلت ہے۔

انہوں نے صبح سویرے اپنے ٹروتھ سوشل اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ ”شرح سود کو کم کیا جانا چاہئے، کچھ ایسا جو آنے والے ٹیرف!! کے ساتھ ساتھ چلے گا“ انہوں نے مزید لکھا کہ آئیے! امریکا کو آگے بڑھائیں!!

ٹرمپ کا فیڈرل ریزرو( امریکی مرکزی بینک) پر کوئی براہ راست کنٹرول نہیں ہے لیکن جنوری میں وائٹ ہاؤس واپس آنے ( دوبارہ صدربننے) کے بعد یہ پہلا موقع نہیں ہے جب انہوں نے شرح سود میں کمی کا مطالبہ کیا ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ اپنے عہدے کی پہلی مدت کے دوران مرکزی بینک پر بھی اکثر دباؤ ڈالتے رہے۔

ان کا تازہ ترین بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب فیڈرل ریزرو بینک کے سربراہ جیروم پاول نے کہا ہے کہ شرح سود کم کرنے میں جلد بازی کی کوئی ضرورت نہیں ہے کیونکہ پالیسی ساز افراط زر پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔

ٹرمپ نے پیر کے روز تمام درآمد شدہ اسٹیل اور ایلومینیم پر 25 فیصد محصولات عائد کیے۔ انہوں نے امریکہ کے تمام سرکردہ تجارتی شراکت داروں کی مصنوعات پر بڑے پیمانے پر محصولات عائد کرنے کی دھمکی بھی دی ہے، ایسے اقدامات جن سے ممکنہ طور پر امریکہ میں قیمتوں میں اضافہ ہوگا۔

فیڈ ایک آزاد ادارہ ہے، جو ٹرمپ کو بہت کم براہ راست اثر و رسوخ دیتا ہے۔

تاہم، انہوں نے اپنے عہدے کے پہلے تین ہفتوں میں متعدد غیر معمولی اقدامات کے ذریعے واشنگٹن کو حیران کر دیا ہے جس کا مقصد کانگریس کو نظر انداز کرتے ہوئے ایگزیکٹو کی طاقت کو بڑھانا ہے، جہاں ان کی انتہائی وفادار ریپبلکن پارٹی کو معمولی اکثریت حاصل ہے۔

Comments

200 حروف