قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہفتے کے روز تین ملکی سیریز کے پہلے ون ڈے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو باآسانی 78 رنز سے شکست دے دی۔

331 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے پاکستان کی ٹیم 252 رنز پر ڈھیر ہو گئی ۔ فخر زمان 84، سلمان علی آغا 40 اور طیب طاہر 30 رنز کے ساتھ نمایاں اسکورر رہے جبکہ کوئی اور بیٹسمین مہمان کیوی ٹیم کی مضبوط بولنگ لائن اپ کا مقابلہ نہ کرسکا۔

فخر زمان کے ساتھ اننگز کا آغاز کرنے والے بابر اعظم صرف 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ کپتان محمد رضوان صرف 3 رنز بنا سکے۔

کامران غلام نے 18، خوشدل شاہ نے 15 اور نسیم شاہ نے 13 رنز بنائے۔ ابرار احمد نے آخر میں 15 گیندوں پر 23 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جبکہ حارث رؤف انجری کے باعث بیٹنگ نہ کرسکے۔

قبل ازیں گلین فلپس نے اپنی پہلی سنچری بناتے ہوئے نیوزی لینڈ کا اسکور 6 وکٹوں کے نقصان پر 330 رنز تک پہنچا دیا تھا۔

نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا جبکہ گلین فلپس نے 74 گیندوں پر 7 چھکوں اور 6 چوکوں سے سجی اپنی پہلی سینچری اسکور کرتے ہوئے 106 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔

ڈیرل مچل نے 81 اور کین ولیمسن نے 58 رنز بنائے۔

فلپس نے مائیکل بریسویل کے ساتھ مل کر چھٹی وکٹ کے لیے صرف 47 گیندوں پر 54 رنز بنائے۔ بریسویل نے 23 گیندوں پر 31 رنز کی اننگرز کھیلی جس میں 3 چھکے شامل تھے۔

نیوزی لینڈ نے آخری 10 اوورز میں 123 رنز بنائے جس میں آخری 5 اوورز میں سے 84 رنز بھی شامل ہیں۔

فلپس نے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر ایک چوکا اور دو چھکے لگا کر 72 گیندوں پر اپنی سنچری مکمل کی اور 50 ویں اوور میں 25 رنز سمیٹے۔

شاہین نے اپنے 10 اوورز میں 3 وکٹوں کے عوض 88 رنز دے کر مہنگے بولر ثابت ہوئے اگرچہ انہوں نے میچ کے چوتھے اوور کی چوتھی گیند پر اوپنر ول یانگ کو 4 رنز پر آؤٹ کر کے پاکستان کو ابتدائی کامیابی دلائی تھی۔

اسپنر ابرار احمد نے اوپنر راچن رویندر کو 25 رنز پر کیچ آؤٹ کیا لیکن ولیمسن اور مچل نے اننگز کو دوبارہ ترتیب دیتے ہوئے 112 گیندوں پر 95 رنز بنا ڈالے۔

ولیمسن نے اپنی 46 ویں نصف سنچری میں 7 چوکے لگائے جو نومبر 2023 کے بعد ان کا پہلا ایک روزہ بین الاقوامی میچ تھا، شاہین کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے رضوان کو کیچ دے بیٹھے۔

مچل جو بظاہر سنچری بنانے کے لئے پوری طرح تیار تھے، 38 ویں اوور میں ابرار کی ایک گیند پر غیر روایتی شاٹ کھیلتے ہوئے میں کیچ آؤٹ ہوئے جنہوں نے اس سے قبل 4 چھکے اور 2 چوکے لگائے۔

پاکستان کو اس وقت شدید دھچکا لگا جب فاسٹ بولر حارث رؤف 37 ویں اوور میں سائیڈ اسٹرین کا شکار ہو کر فیلڈ سے باہر چلے گئے اور انہوں نے 6.2 اوورز باؤلنگ کی جس میں ٹام لیتھم کو صفر کے اسکور وکٹ بھی شامل تھی۔

Comments

200 حروف