دنیا

ٹرمپ جمعے کے روز جوابی محصولات کا اعلان کریں گے، ذرائع

  • ٹرمپ کی انتخابی مہم میں امریکی درآمدات پر محصولات عائد کرنے کے وعدے کو پورا کرنے کے لیے تجارتی شراکت داروں کیلئے امریکی برآمدات پر مساوی شرح والے ٹیرف عائد کرنے کا اقدام
شائع February 7, 2025

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ریپبلکن قانون سازوں کو بتایا ہے کہ وہ جمعے کے روز جوابی محصولات کا اعلان کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

اس اقدام سے ٹرمپ کی انتخابی مہم کے اس وعدے کو پورا کیا جا سکے گا کہ وہ امریکی درآمدات پر ان نرخوں کے مساوی محصولات عائد کریں گے جو تجارتی شراکت دار امریکی برآمدات پر عائد کرتے ہیں۔ فوری طور پر یہ واضح نہیں ہے کہ کون سے ممالک متاثر ہوں گے کیونکہ اس تجویز کی تفصیلات معلوم نہیں ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ ٹرمپ نے جمعرات کو وائٹ ہاؤس میں بجٹ بحث کے دوران ریپبلکن قانون سازوں کو اپنے منصوبوں کے بارے میں بتایا۔ ٹرمپ اور ان کے اعلیٰ معاونین نے کہا ہے کہ وہ غیر ملکی درآمدات پر زیادہ محصولات عائد کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں تاکہ ٹرمپ کی 2017 کی ٹیکس کٹوتیوں میں توسیع کی ادائیگی میں مدد مل سکے۔

محصولات سے اتنی رقم جمع کرنا مشکل ہو گا کہ امریکی بجٹ پر اثر انداز ہو سکے کیونکہ حالیہ برسوں میں سالانہ آمدنی میں ان کا حصہ صرف 2 فیصد رہا ہے۔

وائٹ ہاؤس نے فوری طور پر تبصرہ کرنے کی درخواستوں کا جواب نہیں دیا۔ ٹرمپ نے ہفتے کے روز کینیڈا اور میکسیکو پر 25 فیصد محصولات عائد کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن سرمایہ کاروں کے منفی رد عمل کے بعد اسے موخر کردیا تھا۔ امریکہ کے دو سب سے بڑے تجارتی شراکت داروں نے سرحد پرحفاظتی اقدامات کی کوششوں کو بڑھانے پر اتفاق کیا، جو ٹرمپ کی اولین ترجیح ہے۔

ٹرمپ کی قانون سازوں کے ساتھ بات چیت کے بارے میں روئٹرز کی رپورٹ کے بعد جمعے کے روز وال اسٹریٹ کے خسارے میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

Comments

200 حروف