رواں مالی سال 2024-25ء کے پہلے سات ماہ (جولائی تا جنوری) کے دوران ملکی برآمدات 9.98 فیصد اضافے سے 19.551 ارب ڈالر رہیں جب کہ گزشتہ مالی سال (2023-24) کی اسی مدت میں یہ 17.777 ارب ڈالر تھیں۔
ادارہ شماریات کے مطابق رواں مالی سال جولائی تا جنوری تجارتی خسارہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 2.84 فیصد بڑھ گیا جبکہ جنوری 2025 میں سالانہ بنیادوں پر 17.78 فیصد اضافہ ہوا۔
اعداد و شمار کے مطابق پہلے سات ماہ میں تجارتی خسارہ 2.84 فیصد بڑھ کر 13.488 ارب ڈالر رہا جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں 13.116 ارب ڈالر تھا۔
رواں مالی سال جولائی تا جنوری ملکی درآمدات میں 6.95 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 33.039 ارب ڈالر رہیں جبکہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں یہ 30.893 ارب ڈالر تھیں۔
ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق جنوری 2025 میں تجارتی خسارہ 17.78 فیصد اضافے سے 2.313 ارب ڈالر رہا جو گزشتہ سال کے اسی عرصے میں 1.964 ارب ڈالر تھا۔
جنوری 2025ء میں درآمدات 10.04 فیصد اضافے سے 5.233 ارب ڈالر رہیں جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں 4.756 ارب ڈالر تھیں۔ جنوری میں برآمدات میں 4.59 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 2.920 ارب ڈالر رہیں جو گزشتہ مالی سال کے اسی مہینے میں 2.792 ارب ڈالر تھیں۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2025
Comments