وزیر داخلہ محسن نقوی اور اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اتوار کو اسلام آباد میں ملاقات کی ہے جس میں حکومت کے ساتھ حالیہ مذاکرات کے دوران پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ”رویے“ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور ملک کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
محسن نقوی نے اسپیکر کی جانب سے حکومت اور اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلنے کی کوششوں کو سراہا۔
دونوں رہنماؤں نے ملک کی بہتر ہوتی معاشی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا۔
دونوں شخصیات نے عوامی مسائل کے حل کے لئے حکومتی اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے حکومت اور اپوزیشن جماعتوں کے درمیان مذاکرات میں ناکامی کی ذمہ دار تحریک انصاف کو قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکمران جماعت اب بھی مذاکرات جاری رکھنے کے لیے تیار ہے۔
یاد رہے کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے وزیراعظم کی مذاکرات کی پیشکش مسترد کردی تھی۔
حکومت کے ساتھ غیر رسمی گفتگو کے دوران بیرسٹر گوہر نے کہا کہ حکومت نے مذاکرات سے دستبرداری اختیار کرلی ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ ہم نے صرف دو مطالبات پیش کیے تھے جس میں سیاسی قیدیوں کی رہائی، 9 مئی اور 26 نومبر کے واقعات کے لئے عدالتی کمیشن کی تشکیل شامل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے ان مطالبات کو قبول نہ کرکے مذاکرات کے دروازے بند کر دیے ہیں۔
Comments