دنیا

50 مریضوں کو رفح کراسنگ کے ذریعے مصر روانہ کردیا گیا، وزارت صحت غزہ

حماس کے زیر انتظام غزہ کی وزارت صحت نے کہا ہے کہ 50 فلسطینی مریض ہفتے کے روز رفح کراسنگ کے ذریعے مصرروانہ ہوئے...
شائع 01 فروری 2025 06:43pm

حماس کے زیر انتظام غزہ کی وزارت صحت نے کہا ہے کہ 50 فلسطینی مریض ہفتے کے روز رفح کراسنگ کے ذریعے مصرروانہ ہوئے کیونکہ اسرائیل کے ساتھ جنگ بندی کے معاہدے کے تحت اس اہم گیٹ وے کو دوبارہ کھول دیا گیا ہے۔

مصر کے سرکاری چینل القاہرہ نیوز نے 50 افراد میں سے پہلے اوراس کے 53 ساتھیوں کی فوٹیج دکھائی، جن میں ایک بچہ بھی شامل ہے، جو علاج کے لیے سرحد پار کر کے مصر میں داخل ہو رہے ہیں۔

میڈیکل فائلوں میں سے 50 کو مصر نے منظور کیا تھا. غزہ کے اسپتالوں کے ڈائریکٹر محمد ذاقوت نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ یہ تعداد بڑھے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس اب 6 ہزار کیسز منتقل کرنے کے لیے تیار ہیں اور 12 ہزار سے زائد کیسز ایسے ہیں جنہیں علاج کی اشد ضرورت ہے۔

مئی میں اسرائیل کی جانب سے فلسطینی علاقے پر قبضے کے بعد سے رفح کراسنگ کو بند کر دیا گیا تھا۔

مصر کے ساتھ ملحقہ یہ کراسنگ پوائنٹ فلسطینی علاقے میں داخلے کے اہم راستوں میں سے ایک اور امداد کے لئے ایک اہم ذریعہ تھا۔

یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ کاجا کلاس نے جمعے کے روز کہا تھا کہ 27 رکنی بلاک نے فلسطینیوں اور اسرائیلیوں کی درخواست پر رفح کراسنگ پر ایک نگراں مشن تعینات کیا ہے۔

انہوں نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ یہ فلسطینی سرحدی اہلکاروں کی مدد کرے گا اور ایسے افراد کو غزہ سے باہر منتقل کرنے کی اجازت دے گا جن میں وہ لوگ بھی شامل ہیں جنہیں علاج معالجے کی ضرورت ہے۔

اس اہم سرحدی گزرگاہ کو دوبارہ کھولنے کا فیصلہ ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب اسرائیل اور حماس نے 19 جنوری سے نافذ العمل جنگ بندی معاہدے کے تحت ہفتے کے روز غزہ میں قیدیوں کے تبادلے کا چوتھا مرحلہ شروع کیا ہے۔

حماس نے اسرائیلی جیلوں میں قید 180 سے زائد فلسطینی قیدیوں کے بدلے غزہ میں 3 اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا کر دیا ہے۔

Comments

200 حروف