پاکستان میں 2025 کا پہلا پولیو کیس سامنے آیا ہے جو خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان سے رپورٹ ہوا ہے۔ یہ بات بدھ کو جاری کردہ سرکاری اعلامیے میں بتائی گئی ہے۔
نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے بتایا بدھ 22 جنوری 2025 کو لیبارٹری نے ڈی آئی خان سے پولیو کے ایک کیس کی تصدیق کی، یہ کیس 7 جنوری 2025 کو لیبارٹری منتقل کیا گیا اور بدھ کو تصدیق کے بعد یہ 2025 کا پہلا ڈبلیو پی وی 1 [وائلڈ پولیو وائرس ٹائپ 1] کیس بن گیا۔
ڈیرہ اسماعیل خان جنوبی خیبر پختونخوا کے ان اضلاع میں سے ایک ہے جہاں 2024 میں 11 پولیو کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔
2024 میں مجموعی طور پر 73 کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔ ان میں سے 27 کا تعلق بلوچستان، 22 خیبر پختونخوا، 22 سندھ، اور ایک ایک پنجاب اور اسلام آباد سے رہا۔
پولیو مفلوج کرنے والی بیماری ہے جبکہ یہ لاعلاج بھی ہے۔ تمام بچوں کو اس بھیانک بیماری سے بچانے کے لیے پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کے لیے کئی خوراکوں پر مشتمل پولیو ویکسین اور معمول کی ویکسینیشن شیڈول کی تکمیل انتہائی ضروری ہے تاکہ بیماری کیخلاف بچوں کی قوت مدافعت مضبوط ہوسکے۔
پاکستان میں بیماری کی روک تھام کیلئے ملک گیر مہم چلائی جاتی ہے جس میں پولیو عملہ گھر گھر جاکر بچوں کو حفاظتی قطرے بھی پلاتے ہیں جبکہ ایکسپینڈ پروگرام آن امیونائزیشن (ای پی آئی) کے تحت بچوں کو 12 بیماریوں سے بچاؤ کے ٹیکے بھی لگائے جاتے ہیں۔
Comments