منارہ منرلز کا ریکوڈک گولڈ پراجیکٹ میں حصص خریدنے کا فیصلہ
- مائننگ کمپنی 10 سے 20 فیصد حصص خریدے گی، مالیت تقریباً 500 ملین سے 1 بلین ڈالر کے درمیان ہے، فنانشل ٹائمز
فنانشل ٹائمز (ایف ٹی) کے مطابق سعودی عرب کی مائننگ کمپنی منارہ منرلز نے پاکستان کے ریکو ڈک تانبے اور سونے کے منصوبے میں 10 فیصد سے 20 فیصد حصص خریدنے کا فیصلہ کیا ہے جس کی مالیت تقریباً 500 ملین سے ایک بلین ڈالر کے درمیان ہے۔
فنانشل ٹائمز کے مطابق منارہ منرلز ریکو ڈک منصوبے میں حصص پاکستان کی حکومت سے خریدے گی۔ یہ منصوبہ کینیڈا کی کمپنی بیرک گولڈ کے ساتھ شراکت داری میں کیا جارہا ہے
گزشتہ ہفتے پاکستان کے وزیر پٹرولیم مصدق ملک نے کہا تھا کہ منارہ منرلز آئندہ دو سہ ماہیوں میں ریکوڈک کان میں سرمایہ کاری کرسکتی ہے۔
منارہ منرلز کے اعلیٰ حکام نے گزشتہ سال مئی میں پاکستان کا دورہ کیا تھا تاکہ ریکو ڈک کان میں حصص خریدنے کے حوالے سے بات چیت کی جاسکے۔ عالمی مائننگ کمپنی بیرک گولڈ، جو اس منصوبے کی پاکستان کے ساتھ مشترکہ ملکیت رکھتی ہے، ریکو ڈک کو دنیا کے سب سے بڑے غیر ترقی یافتہ تانبے اور سونے کے ذخائر میں شمار کرتی ہے۔
منارہ کے اُس وقت کے قائم مقام چیف ایگزیکٹو، رابرٹ ولٹ، جو اب معادن کے سی ای او ہیں، نے رائٹرز کو بتایا کہ ریکو ڈک میں حصص حاصل کرنا ان متعدد مواقع میں شامل ہے جن کا کمپنی جائزہ لے رہی تھی۔
مصدق ملک نے کہا کہ پاکستان کان کنی کے مواقع کے بارے میں دیگر خلیجی ممالک کے ساتھ بھی بات چیت کر رہا ہے۔
Comments