بینک نوٹ اور دیگر سیکیورٹی پیپرز بنانے والی کمپنی سیکیورٹی پیپرز لمیٹڈ نے اپنے پلانٹ کو اپ گریڈ کرنے کے منصوبوں کا اعلان کیا ہے جس کی تکمیل 18 ماہ میں ہونے کی توقع ہے۔

بدھ کے روز لسٹڈ کمپنی نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو اپنے نوٹس میں اس پیش رفت سے آگاہ کیا۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ایس پی ایل کو 8 دسمبر 1965 کو کراچی میں پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی کے طور پر شامل کیا گیا اور 3 مارچ 1967 کو حکومت پاکستان، ایران اور ترکی کے درمیان 27 جون 1967 کو ہونے والی مفاہمت کی یادداشت کے تحت بینک نوٹ پیپر اور دیگر سیکیورٹی پیپر تیار کرنے کے لیے کمپنی کو پبلک کمپنی میں تبدیل کر دیا گیا۔

ایس پی ایل نے بتایا کہ اپنے قیام سے لے کر اب تک پاکستان سیکیورٹی پرنٹنگ کارپوریشن (پی ایس پی سی) اس کا سب سے بڑا صارف رہا ہے۔ اس کے علاوہ ایس پی ایل بینک نوٹوں کی سپلائی چین کا بھی ایک اہم رکن رہا ہے جو اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کا ایک اہم ریگولیٹری فنکشن ہے۔

اس سلسلے میں اسٹیٹ بینک نے حال ہی میں اعلان کیا ہے کہ وہ نئی بینک نوٹ سیریز لانچ کرنے کے عمل میں ہے جس میں بین الاقوامی معیار اور رجحانات کے مطابق تازہ ترین اور جدید سیکیورٹی فیچرز ہوں گے۔

ایس پی ایل نے بتایا کہ اس کی کاغذی مینوفیکچرنگ مشینیں سال 2004 میں چلائی گئی تھیں اور نئے بینک نوٹ سیریز کی حمایت کے لئے مذکورہ مشین کو اپ گریڈ کرنے کی فوری ضرورت ہے تاکہ ایسی سیکیورٹی خصوصیات کو ایڈجسٹ کیا جاسکے جو پہلے ہی بین الاقوامی سطح پر استعمال کی جارہی ہیں۔

لہذا ہمارے کلیدی گاہکوں کی ضروریات کو پورا کرنے اور کاروباری تسلسل کو یقینی بنانے کے لئے ایس پی ایل پلانٹ کو اپ گریڈ کرے گا۔

بورڈ آف ڈائریکٹرز نے پیر کے روز پلانٹ کی اپ گریڈیشن کی منظوری دی۔

بورڈ نے مزید سفارش کی ہے کہ کمپنی کے شیئر ہولڈرز کی ایک غیر معمولی جنرل میٹنگ (ای او جی ایم) طلب کی جائے تاکہ منصوبے کی تفصیلات شیئر کی جا سکیں اور اس سلسلے میں مناسب قرارداد کے ذریعے شیئر ہولڈرز کی رضامندی اور منظوری حاصل کی جا سکے۔

Comments

200 حروف