وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے واشنگٹن میں امریکی کانگریس کے ارکان سے ملاقات کی جس میں انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔

وزارت داخلہ کے ایک بیان کے مطابق نقوی امریکہ کے دورے پر ہیں جہاں انہوں نے 47 ویں امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی حلف برداری کی تقریب میں بھی شرکت کی۔

وزیر داخلہ نے امریکی کانگریس کے ارکان تھامس رچرڈ سوزی اور جیک برگمین سے ملاقات کی۔ تھامس سوزی ڈیموکریٹک پارٹی کے رکن ہیں جبکہ جیک برگمین ریپبلکن پارٹی کی نمائندگی کرتے ہیں۔

ملاقات کے دوران نقوی اور امریکی کانگریس کے ارکان نے باہمی دلچسپی کے امور بشمول پاک امریکہ تعلقات اور افغانستان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ فریقین نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔

محسن نقوی نے امریکی کانگریس کے ارکان کو دورہ پاکستان کی دعوت دی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے اور امریکہ کے ساتھ تمام شعبوں میں تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ امریکی کانگریس کے ارکان کے دورہ پاکستان سے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں مدد ملے گی۔

کانگریس کے رکن سوزی نے پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ جلد ہی پاکستان کا دورہ کریں گے۔

وزارت داخلہ کے بیان کے مطابق اجلاس میں 30 اپریل کو واشنگٹن ڈی سی میں پاکستان کاکس کانفرنس منعقد کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ اس موقع پر امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ بھی موجود تھے۔

اس سے قبل محسن نقوی نے واشنگٹن کے لنکن لبرٹی ہال میں ایک خصوصی عشائیہ میں بھی شرکت کی۔

Comments

200 حروف