رواں مالی سال 31 دسمبر کو ختم ہونے والی سہ ماہی کے دوران ہونڈا اٹلس کارز (پاکستان) لمیٹڈ (ایچ سی اے آر) کا منافع 566.4 ملین روپے ریکارڈ کیا گیا جو سالانہ 295 فیصد کا زبردست اضافہ ظاہر کرتا ہے ۔
بدھ کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں جاری ہونے والے ایچ سی اے آر کے مالیاتی گوشواروں سے ظاہر ہوتا ہے کہ کمپنی کا منافع گزشتہ سال کے اسی عرصے میں 143.3 ملین روپے تھا۔
سہ ماہی کے دوران آٹومیکرز کی فی حصص آمدنی (ای پی ایس) 3.97 روپے رہی جو گزشتہ سال ایک روپے تھی۔
منافع میں اضافے کو فروخت میں اضافے سے منسوب کیاجاسکتا ہے۔
سہ ماہی کے دوران ایچ سی اے آر کی فروخت 17.85 ارب روپے رہی جو گزشتہ سال کے اسی عرصے میں 12.43 ارب روپے کے مقابلے میں 44 فیصد اضافہ ہے۔
مالی سال 25 کی دوسری سہ ماہی میں کمپنی کی فروخت کی لاگت بھی 42 فیصد اضافے سے 16.2 ارب روپے تک پہنچ گئی۔
نتیجتاً کمپنی کا مجموعی منافع تقریبا 60 فیصد بڑھ کر مالی سال 25 کی دوسری سہ ماہی میں 1.64 ارب روپے تک پہنچ گیا جبکہ گزشتہ سال کے اسی عرصے میں مجموعی منافع 1.03 ارب روپے تھا۔
اس کے نتیجے میں مالی سال 25 کی دوسری سہ ماہی میں ایچ سی اے آر کا مجموعی مارجن 9.2 فیصد تک بڑھ گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 8.3 فیصد تھا۔
پاکستان آٹوموٹو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پاما) کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق دسمبر 2024 میں پاکستان میں کاروں کی فروخت گزشتہ سال کے اسی مہینے کے مقابلے میں 69 فیصد اضافے کے ساتھ 9,820 یونٹس تک پہنچ گئی۔
دریں اثنا، ایچ سی اے آر کے تازہ ترین مالی نتائج کے مطابق آٹوموبائل کمپنی کے انتظامی اخراجات میں اضافہ دیکھا گیا جو مالی سال 25 کی دوسری سہ ماہی میں 15 فیصد اضافے کے ساتھ 457.3 ملین روپے رہا، جبکہ گزشتہ سال کی اسی مدت میں یہ 398.4 ملین روپے تھا۔
دوسری جانب ایچ سی اے آر کی دیگر آمدن میں تقریبا 34 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی جو مالی سال 2025 کی دوسری سہ ماہی میں صرف 18 کروڑ 99 لاکھ روپے رہی جبکہ مالی سال 24 کی دوسری سہ ماہی میں یہ 28 کروڑ 82 لاکھ روپے تھی۔
مالی سال 2025 کی دوسری سہ ماہی میں آٹومیکر کی فنانس لاگت 52 فیصد کم ہو کر 214.9 ملین روپے رہی جو گزشتہ سال کی اسی مدت میں 443.2 ملین روپے تھی۔
سہ ماہی کے دوران کمپنی نے لیویز کی مد میں 109 ملین روپے بھی حاصل کیے۔
اس کے نتیجے میں کمپنی نے مالی سال 2025 کی دوسری سہ ماہی میں 1.1 ارب روپے کا قبل از ٹیکس منافع (پی بی ٹی) حاصل کیا جو سالانہ 387 فیصد زیادہ ہے۔
1992 میں ایک پبلک لمیٹڈ کمپنی کے طور پر پاکستان میں قائم ایچ سی اے آر نے 1994 میں اپنے کمرشل آپریشنز کا آغاز کیا۔ یہ کمپنی ہونڈا موٹر کمپنی لمیٹڈ، جاپان اور اٹلس گروپ آف کمپنیز، پاکستان کے مشترکہ منصوبے کے نتیجے میں قائم کی گئی تھی۔
Comments