صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے ڈونلڈ ٹرمپ کو امریکا کے 47 ویں صدر کا حلف اٹھانے پر مبارکباد دی ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے پیر کے روز امریکا کے صدر کی حیثیت سے تاریخی طور پر دوسری مدت کے لیے حلف اٹھایا اور اپنی غیر معمولی واپسی کے بعد امیگریشن اور امریکی ثقافتی جنگوں پر فوری احکامات جاری کرنے کا عہد کیا۔
ایک ہاتھ فضا میں بلند کرکے اور دوسرا ہاتھ اپنی والدہ کی جانب سے دی گئی بائبل پر رکھتے ہوئے 47 ویں امریکی صدر نے یو ایس کیپیٹل کے بڑے ہال روٹنڈا کے اندر حلف اٹھایا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ وہ نئے صدر کے ساتھ مل کر پاکستان اور امریکا کے درمیان پائیدار تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے کام کرنے کے منتظر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ برسوں کے دوران ہمارے دونوں عظیم ممالک نے خطے اور اس سے باہر امن اور خوشحالی کے لیے مل کر کام کیا ہے اور ہم مستقبل میں بھی ایسا کرتے رہیں گے۔
ایوان صدر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے بھی ڈونلڈ ٹرمپ کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔
بیان کے مطابق صدر زرداری نے نئے امریکی صدر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
دریں اثنا نیٹو فوجی اتحاد کے سربراہ اور یورپی رہنماؤں نے بھی ٹرمپ کو وائٹ ہاؤس واپسی پر مبارکباد دی ہے۔
نیٹو کے سیکریٹری جنرل مارک روٹے نے کہا کہ ٹرمپ کے دوبارہ اقتدار میں آنے کے بعد ہم دفاعی اخراجات اور پیداوار کے اخراجات اور پیداوار کے انچارج ہوں گے، جس کا اشارہ ممکنہ طور پر ٹرمپ کی جانب سے یورپی ممالک پر زور دینے کی جانب تھا کہ وہ اپنے دفاع کا زیادہ بوجھ اٹھائیں۔
انہوں نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر لکھا ہے کہ میں ڈونلڈ ٹرمپ کو امریکہ کے 47 ویں صدر اور جے ڈی وینس کو نائب صدر کی حیثیت سے حلف اٹھانے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں اور ہم مل کرطاقت کے ذریعے امن حاصل کرسکتے ہیں، نیٹو کے ذریعے امن کا حصول ممکن ہے۔
یورپی کمیشن کی صدر ارسلا وان ڈیر لیئن نے ڈونلڈ ٹرمپ کو امریکہ کے 47 ویں صدر کی حیثیت سے حلف اٹھانے پر نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے یورپی یونین کی آمادگی کا اظہار کیا۔
انہوں نے ایکس پر لکھا کہ مل کر ہمارے معاشرے زیادہ سے زیادہ خوشحالی حاصل کرسکتے ہیں اور اپنی مشترکہ سلامتی کو مضبوط بنا سکتے ہیں۔ یہ ٹرانس اٹلانٹک پارٹنرشپ کی پائیدار طاقت ہے۔
یورپی کونسل کے صدر انتونیو کوسٹا نے بھی مبارکباد پیش کرتے ہوئے اہم عالمی مسائل کے حل کے لیے ٹرمپ کے ساتھ مل کر کام کرنے کے یورپی یونین کے عزم پر زور دیا۔
جرمن چانسلر اولاف شولز نے ٹرمپ کو مبارکباد دیتے ہوئے جرمنی کے قریبی اتحادی کی حیثیت سے امریکہ کی اہمیت کا اعادہ کیا اور مضبوط ٹرانس اٹلانٹک تعلقات کو برقرار رکھنے کے مقصد پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ یورپی یونین اپنے 27 رکن ممالک اور 400 ملین سے زائد شہریوں کے ساتھ ایک طاقتور اور متحد قوت ہے۔
برطانوی وزیر اعظم کیئر اسٹارمر نے ایک ویڈیو پیغام میں اپنی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ میں برطانیہ کی جانب سے صدرڈونلڈ ٹرمپ کوامریکہ کے 47 ویں صدر کی حیثیت سے حلف اٹھانے پر دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ برطانیہ اور امریکہ کے درمیان خصوصی تعلقات آنے والے برسوں تک پھلتے پھولتے رہیں گے۔
آئرش تاؤسیچ سائمن ہیرس نے ٹرمپ کو دلی مبارکباد دی اور ان کی مدت صدارت میں کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ یہ صدر ٹرمپ کے لیے ذاتی طور پر اور امریکہ کے لیے ایک اہم لمحہ ہے۔ جمہوریت کا مشعل پرامن طور پر گزررہا ہے، میں انہیں اور امریکی عوام کو نیک خواہشات پیش کرتا ہوں۔
رومانیہ کے صدر کلاؤس ایوہنس نے بھی ٹرمپ کو مبارکباد دیتے ہوئے امریکہ کے قریبی اسٹریٹجک پارٹنر کے طور پر رومانیہ کی حیثیت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے ایکس پر لکھا کہ ہم اس اہم نئے مینڈیٹ میں ان کی بڑی کامیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہیں۔ ہماری مشترکہ سلامتی اور خوشحالی کے لئے ایک مضبوط اور متحرک ٹرانس اٹلانٹک لنک بہت اہم ہے۔
Comments