ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اور نیدرلینڈز کے درمیان دوطرفہ سیاسی مشاورت کا گیارہواں دور پیر کو اسلام آباد میں منعقد ہوا۔

دفتر خارجہ نے کہا کہ سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ اور نیدرلینڈز کی وزارت خارجہ کے سیکرٹری جنرل کرسٹیان ریبرگن نے فریقین کی قیادت کی۔

بیان کے مطابق فریقین نے دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کے ساتھ ساتھ باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

انہوں نے دوطرفہ تعاون کی مثبت رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا اور سیاسی، اقتصادی، تجارت اور سرمایہ کاری، موسمیاتی تبدیلی، زراعت، پانی کے انتظام، ڈیری اور لائیو اسٹاک، تعلیم اور ثقافت سمیت متعدد شعبوں میں جاری روابط کو برقرار رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔

دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے سیکرٹری خارجہ نے نیدرلینڈز کے پاکستان کے اہم تجارتی شراکت دار کے طور پر کردار کو سراہا اور پاکستان میں ہالینڈ کی زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کی۔

دونوں فریقوں نے موسمیاتی تبدیلی سے پیدا ہونے والے چیلنجوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

ملاقات میں پاکستان اور ہالینڈ کے دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کیلئے قریبی روابط برقرار رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

Comments

200 حروف