پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں منگل کے کاروباری روز بھی خریداری کا رحجان برقرا رہا اور اس کا بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس 574 پوائنٹس کے اضافے سے بند ہوا۔
کاروبار کے پہلے نصف حصے میں کچھ حدتک فروخت کا دباؤ رہا جس کے نتیجے میں کے ایس ای 100 انڈیکس انٹرا ڈے کی کم ترین سطح 113,836.61 پوائنٹس تک پہنچ گرگیا۔
تاہم بعد ازاں خریداری کا رحجان پھر غالب آیا جس سے انڈیکس انٹرا ڈے کی بلند ترین سطح 115،044.79 پوائنٹس تک جا پہنچا۔
کاروبار کے اختتام پر بینچ مارک انڈیکس 574.11 پوائنٹس یا 0.50 فیصد اضافے کے ساتھ 114,804.17 پر بند ہوا۔
بروکریج ہاؤس ٹاپ لائن سیکیورٹیز نے اپنی پوسٹ مارکیٹ رپورٹ میں کہا کہ فارما سیکٹر کی کمپنی بی ایف بائیو نے اپنے حصص کی بالائی حد کو چھوا جبکہ اینگرو ایچ کے سبب انڈیکس میں 145 پوائنٹس کی کمی واقع ہوئی۔
انڈیکس میں اضافے کرنے والے اداروں میں یو بی ایل، ایم اے آر آئی، ایس وائی ایس، اے ٹی آر ایل اور پی ایس او شامل رہے اور ان کی بدولت انڈیکس میں مجموعی طور پر 486 پوائنٹس کا اضافہ ہوا۔
واضح رہے کہ پیر کے روز کے ایس ای 100 نے 1000 پوائنٹس کا اضافہ کرکرکے کاروباری ہفتے کا آغاز کیا تھا۔
فیصل سپننگ ملز لمیٹڈ (ایف اے ایس ایم) 4.8 میگاواٹ کے ونڈ مل منصوبے کی کامیاب تکمیل کا اعلان کرتے ہوئے اس رجحان میں شامل ہونے والی تازہ ترین کمپنی بن گئی ہے۔ لسٹڈ کمپنی نے منگل کو پی ایس ایکس کو ایک نوٹس میں اس پیش رفت کا اشتراک کیا۔
نوٹس کے مطابق سندھ کے یونٹ ون نوری آباد میں نصب 4.80 میگاواٹ کا ونڈ مل منصوبہ کامیابی کے ساتھ شروع کیا گیا ہے اور فی الحال آزمائشی مرحلے میں چل رہا ہے۔
مچل فروٹ فارمز لمیٹڈ (ایم ایف ایف ایل) نے اعلان کیا ہے کہ اس کے اکثریتی شیئر ہولڈرز نے کمپنی سے درخواست کی ہے کہ سی سی ایل فارماسیوٹیکل کے ماتحت ادارے سی سی ایل ہولڈنگز (پرائیوٹ) لمیٹڈ کو مناسب جانچ پڑتال تک رسائی دی جائے۔
شیل پاکستان لمیٹڈ (ایس ای ایل) نے باضابطہ طور پر اپنا نام تبدیل کرکے ’وافی انرجی پاکستان لمیٹڈ‘ رکھ لیا ہے، جس کا اطلاق 13 جنوری 2025 سے ہوگا۔ یہ پیش رفت سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کی جانب سے نام کی تبدیلی سے متعلق سرٹیفکیٹ آف انکارپوریشن کے اجراء کے بعد سامنے آئی ہے۔
دریں اثناء منگل کے روز انٹر بینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں 0.01 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ اختتام پر ڈالر کے مقابلے میں 0.04 روپے کی کمی کے بعد روپیہ 278.72 روپے پر بند ہوا۔
آل شیئر انڈیکس کا حجم پیر کے روز 521.21 ملین سے بڑھ کر 589.46 ملین ہو گیا۔
حصص کی مالیت گزشتہ سیشن کے 28.29 ارب روپے سے بڑھ کر 32.58 ارب روپے ہوگئی۔
سنرجیکو پی کے 42.53 ملین حصص کے ساتھ سب سے آگے رہی۔ اس کے بعد پاک ریفائنری 38.07 ملین شیئرز کے ساتھ دوسرے اور کے الیکٹرک لمیٹڈ 33.45 ملین شیئرز کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہی۔
منگل کو 463 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے 269 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ، 137 میں کمی جبکہ 57 میں استحکام رہا۔
Comments