امریکہ کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشرق وسطیٰ کے سفیر اسٹیو وٹکوف ہفتے کے روز اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو سے ملاقات کریں گے۔

ایک اسرائیلی عہدے دار نے بتایا ہے کہ غزہ میں کسی معاہدے تک پہنچنے کے لیے مصر، قطر اور امریکہ کی ثالثی میں اسرائیل اور حماس کے درمیان بالواسطہ مذاکرات میں کچھ پیش رفت ہوئی ہے۔

ثالث 20 جنوری کو ٹرمپ کے عہدہ سنبھالنے سے قبل غزہ میں لڑائی کو روکنے اور وہاں قید باقی اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا کرنے کے لئے ایک معاہدے تک پہنچنے کے لئے نئی کوششیں کر رہے ہیں۔

ہفتے کے روز فلسطینی سول ایمرجنسی سروس نے کہا تھا کہ شمالی غزہ کی پٹی کے علاقے جبالیہ میں ایک اسکول پر اسرائیلی فضائی حملے کے نتیجے میں 2 خواتین اور 2 بچوں سمیت 8 افراد شہید ہوگئے۔ ایمرجنسی سروس کے مطابق اسکول کو بے گھر افراد کیلئے پناہ گاہ کے طور پر تبدیل کیا گیا تھا۔

اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس حملے میں حماس کو نشانہ بنایا گیا جو اسکول سے آپریٹ کررہی تھی اور شہریوں کو نقصان پہنچنے کے خطرے کو کم کرنے کے لیے اقدامات کیے گئے۔

فلسطینی محکمہ صحت کے حکام کے مطابق غزہ میں اب تک 46 ہزار سے زائد افراد شہید ہو چکے ہیں جبکہ علاقے کا بیشتر حصہ تباہ ہو چکا ہے اور یہ انسانی بحران کی لپیٹ میں ہے جبکہ شہر کی نصف سے زائد آبادی بے گھر ہوچکی ہے۔

Comments

200 حروف